لاہور: باٹا پور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان زخمی
اشاعت کی تاریخ: 11th, May 2025 GMT
لاہور:
باٹا پور میں نا معلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا۔
ملزمان 22 سالہ یاسر سے 5 ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے، زخمی یاسر کو طبی امداد کے لیے فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسکا علاج معالجہ جاری ہے۔
ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع کی مدد سے ٹریس کیا جا رہا ہے، متاثرہ نوجوان کے ماموں آفتاب انور کی مدعیت میں 2 نا معلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
دوسری جانب ڈولفن اسکواڈ نے ملت پارک میں موبائل چھیننے میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا۔ ملزم رکشہ ڈرائیور سے موبائل چھین کر فرار ہوا تھا جسے رکشہ ڈرائیور نے شناخت کرلیا ہے۔
رکشہ ڈرائیور نے پیٹرولنگ پر مامور ڈولفن اسکواڈ کو واردات کے بارے میں آگاہ کیا تھا، ڈولفن فورس نے تعاقب کے بعد بینک کالونی سے ملزم کو گرفتار کیا، ملزم کے قبضہ سے چھینا گیا موبائل فون، موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
گرفتار ملزم حمزہ کو قانونی کارروائی کیلئے تھانہ ملت پارک کے حوالے کردیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور: گلی میں کھڑی لڑکی کو ہراساں اور تنگ کرنے والا ملزم گرفتار
لاہور کی اسلام پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گلی میں کھڑی لڑکی کو ہراساں اور تنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار ملزم نے لڑکی کے ساتھ دست درازی کی اور تیز رفتاری سے موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا، اسلام پورہ پولیس نے اطلاع ملنے پر مقدمہ درج کر کے چند گھنٹوں میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سٹی بلال احمد نے کہا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، خواتین کو ہراساں اور تنگ کرنا ریڈ لائن ہے، ایسے اوباش جیل جائیں گے۔