نیو کراچی میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ مقابلہ، ایک زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرار
اشاعت کی تاریخ: 11th, May 2025 GMT
کراچی:
نیو کراچی کی حدود میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد مشتاق عرف لوہا ولد یوسف کے نام سے ہوئی ہے، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول، چار موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
پولیس نے زخمی ملزم کو ابتدائی طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ برآمد ہونے والی موٹر سائیکل کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار
اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے دوران مزید 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ان کاروائیوں میں 12کروڑ 45لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 115کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، کامرہ روڈ اٹک کے قریب ملزم کے قبضے سے 2.4کلو گرام چرس برآمد ہوئی، کاک پل اسلام آباد کے قریب ملزم کے قبضے سے 1.2کلوگرام چرس ضبط کی گئی۔
ترجمان کے مطابق جھنگ روڈ فیصل آباد کے قریب ملزم کے قبضے سے 300 گرام آئس برآمد ہوئی جب کہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
دیگر کارروائیوں میں جناح ایئرپورٹ پر دبئی جانیوالے مسافر کے سامان سے 290الپرازولم، 400 ریوٹریل،400 لیکسوٹینل اور 150والیم گولیاں برآمد ہوئیں جن کا کل وزن 383 گرام تھا۔
کراچی میں واقع کوریئر آفس میں دبئی جانیوالے پارسل سے105000 ٹراماڈول گولیاں ،7500 زینیکس گولیاں ،17000 والیم گولیاں برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب بس میں سوار ملزم کے قبضے سے 13.5 کلو گرام پوپی کا بھوسہ، نیشنل ہائی وے حیدر آباد کے قریب بس میں سوار ملزم کے قبضے سے 9.6 کلوگرام چرس، موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گرفتار ملزم کی گاڑی سے 1.8 کلو گرام چرس اور بوستان روڑ پشین کے قریب 86 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف نے کہا کہ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔