یورپی دارالحکومت برسلز میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی جارحیت کیخلاف پُرامن احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
کراچی:
یورپی دارالحکومت برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے سامنے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے ایک پُرامن احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس مظاہرے کا مقصد افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار، بھارت کی حالیہ جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا تھا۔ مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں، کشمیریوں نے بھرپور شرکت کی اور "پاکستان زندہ باد" اور "افواجِ پاکستان پائندہ باد" جیسے نعرے لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ، چودھری پرویز اقبال لوسر اور کمیونٹی راہنما مہر صفدر علی نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جو ہمیشہ امن کا حامی رہا ہے، مگر ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی افواج کی جانب سے دشمن کو مؤثر جواب دینے اور حالیہ کامیاب آپریشنز پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ پاکستانی اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔
اس مظاہرے کی نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ مراکش، الجزائر، ترکی، تیونس اور دیگر اسلامی ممالک کے نوجوانوں نے بھرپور انداز میں پاکستان اور افواجِ پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا اور “پاکستان زندہ باد” اور “افواجِ پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنے جذبات کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
مقررین نے عالمی برادری، خصوصاً یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔ مظاہرے کا اختتام وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
جارحیت پر مئی جیسا جواب: فیلڈ مارشل
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنگ مسلط کرنے والوں کو اسی طرح جواب دیا جائے گا ‘جیسا مئی میں دیا۔ وفاقی دارالحکومت میں اردن کے شاہ دوم کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر ایوان صدر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں اللہ نے پاکستان کو سربلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، جنگ مسلط کرنے والوں کو اسی طرح جواب دیں گے جیسا مئی میں دیا تھا۔ اللہ کے حکم اور اس کے فرمان کے مطابق اپنے فرائض کی انجام دہی کرتا ہوں۔ مسلمان جب اللہ پر بھروسہ کرتا ہے تو اللہ دشمن پر اس کی پھینکی مٹی کو بھی میزائل بنا دیتا ہے۔ انہوں نے غزوہ احد سے متعلق بات کی اور قرآنی آیات کا حوالہ دیا۔ اس دوران صدر آصف علی زرداری اور فیلڈ مارشل کے درمیان بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو، برطانوی ہائی کمشنر اور امریکی سفیر بھی موجود تھے۔ ادھر وفاقی دارالحکومت میں اردن کے شاہ عبداﷲ دوم کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے کی تقریب ہوئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں شرکت کی۔ دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ صدر مملکت نے شاہ عبداﷲ دوم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’’نشان پاکستان‘‘ دیا۔ تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دیگر شریک ہوئے۔ صدر مملکت نے شاہ عبداللہ دوئم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان دیا۔ شاہ عبداللہ دوئم کو اعزاز دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے، علاقائی اور عالمی امن کیلئے خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ شاہ عبداللہ دوم نے صدرمملکت کو اردن کے ایوارڈ ’’وسامْ النّہضہ المرصّع‘‘ سے نوازا۔ یہ ایوارڈ سربراہانِ مملکت اور معزز شخصیات کو دیا جاتا ہے۔ ادھر صدر مملکت آصف علی زرداری سے شاہ عبداللہ دوم نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر شیری رحمان شریک ہوئے۔ صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور اردن کے دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری اور شاہ عبداﷲ دوم نے دوطرفہ تعاون کو نئے شعبوں تک توسیع دینے پر اتفاق کیا۔ صدر نے اردن کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر زرداری اور اردن کے فرماں روا نے مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ خطے میں امن و استحکام کی مشترکہ حمایت کی۔ صدر آصف علی زرداری اور شاہ عبداﷲ دوم نے دو ریاستی حل کے تحت آزاد، خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔ ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر مصدق ملک، سیکرٹری وزارت خارجہ اور پاکستان اور اردن کے سفیران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ شاہِ اردن نے صدر آصف علی زرداری کو ’’وسامْ النّہضہ المرصّع‘‘ (آرڈر آف دی رینیسانس) سے نوازا۔
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم نے پاکستان کے دفاعی ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شاہ عبداللہ دوم کے ہمراہ شہزادی سلمیٰ بنت عبداللہ سمیت سول و عسکری حکام کا اعلی سطح وفد بھی موجود تھا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دفاعی ادارے کے دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اردن کے بادشاہ اور ان کے وفد کا گرم جوشی سے استقبال کیا، اور تفصیلی بریفنگ دی۔ جس میں پاکستان کی مقامی دفاعی پیداوار، تکنیکی جدت اور اردن کے ساتھ دوطرفہ دفاعی تعاون کے امکانات پیش کیے گئے۔ بعد ازاں شاہ عبداللہ دوم نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا بھی دورہ کیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت نے بھی شرکت کی۔ اردن کے بادشاہ اور دیگر مہمانوں نے فائر کا مشاہدہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شاہ عبداللہ دوم نے مشترکہ فائر اینڈ مینوور مشق دیکھی، جس میں زمینی، فضائی اور ملٹی ڈومین آپریشنز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ڈرونز، سپیکٹرم وار فیئر اور مربوط فائر پاور کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ اردن کے بادشاہ نے مشق میں شرکت کرنے والے جوانوں اور ہوائی عملے کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور عملی صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اردن کے بادشاہ اور اردن کے عوام کے لیے گہرا احترام اور محبت رکھتا ہے، اور یہ دورہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات، باہمی اعتماد اور امن و ترقی کے مشترکہ مقصد کی عکاسی کرتا ہے۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور اردن کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری پر زور دیا اور مستقبل میں عسکری تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دریں اثناء شاہ اردن نے آرمی چیف کو ’’آرڈر آف دی ملٹری میرٹ‘‘ (فرسٹ ڈگری) سے نوازا۔ ایوارڈ پاکستان اور اردن کے درمیان قومی تعاون مضبوط بنانے میں ان کی شاندار خدمات کا اعتراف ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف، آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت دوگارویلہ اوغلو مصطفیٰ ایوف بھی مہمانوں میں شامل تھے۔