بھارت دس مئی کی شکست فاش کو ہمیشہ یاد رکھے گا، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 23rd, May 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 10 مئی کو افواج پاکستان نے قوم کے اتحاد اور اتفاق سے بھارت کو جو شکست فاش دی دشمن اسے قیامت تک یاد رکھے گا۔
وہ جمعہ کو مری روڈ انٹرچینج جناح اسکوائرکے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزراء حنیف عباسی، طارق فضل چوہدری، طلال چوہدری کے علاوہ سی ڈی اے اور اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایک بار پھر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہیں، 10 مئی کو افواج پاکستان نے اپنی بہترین حکمت عملی اور بہادری سے بھارت کو جو شکست فاش دی یہ اللہ تعالیٰ کا خاص انعام اور مہربانی ہے قوم کے اتحاد و اتفاق کی شاندار تاریخ دشمن قیامت تک یاد رکھے گا۔
وزیر اعظم نے جناح اسکوائر کے منصوبے کی 35 دن میں تکمیل پر سی ڈی اے، متعلقہ کمپنی کے ذمہ داران اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس مختصر مدت میں منصوبے کی تکمیل آسان کام نہ تھا۔
انہوں نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ اور سی ڈی اے کو مزید مستعدی اور محنت اور لگن سے کام کرنے اور اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ 35 روز کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا تاکہ شہریوں کیلئے کم سے کم مشکلات پیداہوں، منصوبے کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا، بہترین اور معیاری تعمیرکو یقینی بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فیض آباد چوک پر پل کو چوڑا کرنے، شاہین چوک اور کشمیر چوک سمیت کئی اور منصوبوں پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار صرف 35 روز کی ریکارڈ مدت میں انڈر پاس پراجیکٹ مکمل کیا گیا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام جاری ہے۔ اس منصوبے سے مری جانے والے شہریوں کو آمدورفت میں بہت سہولت ملے گی۔ وقت کے ساتھ شہریوں کو ایندھن کی بھی بچت ہوگی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے پراجیکٹ کی تکمیل کے بارے میں بریفنگ دی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ویمنز ورلڈکپ: جنوبی افریقا اور بھارت پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتنے کیلیے بےتاب
جنوبی افریقا اور بھارت آج پہلی مرتبہ ویمنز ورلڈکپ کا ٹائٹل جیتنے کیلیے مدمقابل آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ویمنز ورلڈکپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب فائنل میں آسٹریلیا یا انگلینڈ میں سے کوئی ایک بھی ٹیم موجود نہیں ہوگی۔
بھارتی ٹیم اس سے قبل دو مرتبہ فائنل کھیل چکی ہے تاہم اسے دونوں مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جنوبی افریقی ٹیم نے پہلی مرتبہ ویمنز ورلڈکپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔
سیمی فائنل میں انگلینڈ کو تاریخی شکست سے دوچار کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم پہلے مرحلے میں انگلینڈ کے خلاف ہی 69 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم نے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف ویمنز ون ڈے کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا ریکارڈ بنایا۔
یاد رہے کہ پہلے مرحلے میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے بھارت کو شکست سے دوچار کیا تھا۔