رحیم یار خان میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، بین الاضلاعی خطرناک ڈاکو ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
رحیم یار خان:
تھانہ صدر پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں ایک بین الاضلاعی خطرناک ڈاکو عبدالغفور عرف غفوری کلہ مارا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو متعدد سنگین جرائم میں ملوث تھا جن میں پولیس پر حملے، لوٹ مار کے دوران شہریوں کا قتل، ڈکیتی اور راہزنی شامل ہیں۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب تھانہ صدر پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو ناکہ بندی کے دوران روکنے کی کوشش کی۔ اس پر موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جس کے جواب میں پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔
پولیس نے ہلاک ڈاکو کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل، ناجائز اسلحہ اور متعدد گولیاں برآمد کر لی ہیں۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالغفور عرف غفوری کلہ مختلف اضلاع میں جرائم کی طویل فہرست کا حامل تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔
ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز
پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کےلیے ڈرون مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے ڈرون مانیٹرنگ سے سیلابی ریلے کی آمد کی نشاندہی ممکن ہوگی۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی ڈرون سرویلنس شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تریموں بیراج میں ڈرون سرویلنس کے دوران واٹر لیول نارمل پایا گیا، پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں بھی واٹر لیول کی ڈرون مانیٹرنگ کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں دریائے چناب کے طالب والا پل پر ڈرون مانیٹرنگ میں پانی کا بہاؤ نارمل پایا گیا۔ ہیڈسدھنائی پر ڈرون مانیٹرنگ سے پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ہیڈ مرالہ میں ڈرون سرویلنس کے دوران پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ منڈی بہاؤالدین کے رسول بیراج پر بھی پانی کا مانیٹر کیا گیا۔