کراچی پولیس کے سابق انسپکٹر نے حج سیزن کے دوران ایمانداری کی مثال قائم کردی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, May 2025 GMT
مکہ مکرمہ:
سعودی عرب میں حج سیزن کے دوران کراچی پولیس کے سابق انٹیلیجنس انچارج جمشید ڈویژن ریٹائرڈ انسپکٹر عطا اللہ قریشی نے ایمان داری کی مثال قائم کردی۔
کراچی پولیس کے سابق انسپکٹر عطا اللہ قریشی ان دنوں حج کے فریضہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں اور مکہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز خانہ کعبہ میں دوران طواف ایک بیگ ملا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بیگ میں موجود رقم لاکھوں روپے مالیت کے ڈالر، سعودی ریال اور افغان کرنسی اور ہوٹل کا کارڈ موجود تھا۔
عطا اللہ قریشی نے ہوٹل کارڈ میں دیے گئے ایڈریس پر رابطہ کیا اور ہوٹل جا کر رقم کے اصل مالک افغان باشندے کے حوالے کردی، افغان حاجی نے رقم واپس ملنے پر ان کے اس عمل کو سراہا اور دعائیں دیں۔
افغان شہری نے کہا کہ وہ بیگ گم ہونے پر پریشان تھے، اب بیگ ملنے پر پاکستانی پولیس افسر کے مشکور ہیں۔
عطا اللہ قریشی نے کہا کہ وہ اللہ کے مہمان ہیں، میرا یہ فرض تھا کہ اس بیگ کو متعلقہ شہری تک پہنچادوں اور اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے یہ کام مجھ سے کرایا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: عطا اللہ قریشی
پڑھیں:
جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے حج سیکیورٹی کا نیا مرحلہ
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی 2025ء) سعودی عرب نے حج کے دوران غیر قانونی طور پر داخلے کی کوششوں کی روک تھام اور حج کے مجموعی انتظامی نظام کو بہتر بنانے کے لیے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ حج سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری گرینڈ آپریشن میں یہ ڈرونز مکہ مکرمہ کی حدود اور اردگرد کے صحرائی علاقوں میں مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی غیر قانونی نقل و حرکت کو بروقت روکا جا سکے۔ سعودی حکام کے مطابق یہ قدم حج کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے، اجازت کے بغیر آنے والوں کی نشاندہی اور ان کے داخلے کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ ڈرونز جدید کیمروں اور سینسرز سے لیس ہیں جو نہ صرف مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی کرتے ہیں بلکہ سیکیورٹی اہلکاروں کو فوری ردعمل کی سہولت بھی فراہم کرتے ہیں۔(جاری ہے)
حکام کا کہنا ہے کہ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں حجاج دنیا بھر سے حج کی سعادت حاصل کرنے آتے ہیں، ایسے میں سیکیورٹی کو فول پروف بنانا وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔
اس مقصد کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال حج کی کامیابی اور حجاج کرام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق، رواں سال حج کے دوران اجازت نامے کے بغیر داخل ہونے کی کسی بھی کوشش کو مکمل طور پر ناکام بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور یہ جدید ڈرون سسٹم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ یہ اقدامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ سعودی حکومت حج جیسے عظیم الشان اجتماع کے لیے سیکیورٹی، نظم و ضبط اور انتظامات میں مسلسل بہتری کے لیے سنجیدہ اور سرگرم عمل ہے۔