شہری کو ٹک ٹاک پر شیروں کی نمائش مہنگی پڑ گئی
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
لاہور:
پنجاب وائلڈ لائف نے گجرانوالہ سے شہری کے قبضے سے غیر قانونی تحویل میں رکھے گئے دو شیر برآمد کیے ہیں، ملزم کے خلاف وائلڈلائف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے شیر ضبط کر لیے گئے۔
اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں لقمان نامی شہری شیر کے گلے میں زنجیر ڈال کر اسے شہری آبادی میں گھوما رہا تھا اور ساتھ اسلحہ کی نمائش بھی کی جا رہی تھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور خدشہ تھا کہ شیر کسی شہری پر حملہ کر سکتا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف رینجر شیخ زاہد اقبال کی ہدایت پر سینیئر وائلڈ لائف رینجر محمد عمیر کو ملزم کو تلاش کرکے کارروائی کی ہدایت کی جس پر نواحی علاقہ بٹالہ شرم سنگھ میں واقع فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا جہاں سے غیرقانونی طور پر رکھے گئے دو شیر برآمد کیے گئے ہیں۔
سینیئر وائلڈ لائف رینجر محمد عمیر کے مطابق ملزم نے نہ ہی تو ان شیروں کو ڈکلیئر کیا ہے اور نہ ہی ان کے پاس لائسنس موجود تھا۔ فارم ہاؤس پر ایک ملزم محمد اکرم کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم ٹک ٹاک بنانے والے ملزم لقمان عرف لوہا کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
واضع رہے کہ پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ 1974 ترمیم شدہ 2025 کے تحت بگ کیٹس کو شہری آبادیوں میں رکھنا اور ان کی نمائش جرم ہے۔ پنجاب وائلڈ لائف نے بگ کیٹس کو شہری آبادیوں میں رکھنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بگ کیٹس کے ساتھ بنائی گئی خطرناک ویڈیوز شیئر کرنے پر پابندی ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان وائلڈ لائف
پڑھیں:
کراچی؛ مسلح ملزمان کو پولیس اہلکار سے ڈکیتی کی واردات مہنگی پڑ گئی
کراچی:یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر مچھلی کٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر گاڑی میں سوار پولیس اہلکار سے لوٹ مار کر رہے تھے اہلکار نے فائرنگ کر دی، جس سے دونوں ڈکیت زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح عزیز بھٹی تھانے کے علاقے یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر مچھلی کٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ڈاکوؤں نے حسنات اکرم نامی طالب علم سے اسلحے کے زور پر موبائل فون اور نقدی چھین لی جبکہ اسی دوران مسلح ڈاکوؤں نے ایک گاڑی میں سوار شخص کو بھی اسلحے کے زور پر روکا اور لوٹ مار کرنے لگے تو گاڑی میں سوار شخص نے فائرنگ کر دی جس کے باعث دونوں ڈاکو زخمی ہوگئے۔
گاڑی میں سوار شخص نے مدد گار 15 پولیس کو اطلاع کر دی جس پر متعلقہ تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں زخمی ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، طالب علم کا چھینا ہوا موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی جبکہ زخمی ڈاکوؤں کو فوری جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
عزیز بھٹی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت صبیح حیدر ولد معید عباس اور محمد عثمان ولد جہانگیر کے نام سے کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ڈاکو طالب علم سے لوٹ مار کرنے کے بعد گاڑی میں سوار پولیس اہلکار طفیل عباس سے لوٹ مار کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ جس پر پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے انہیں زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق اہلکار طفیل عباس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں تعینات ہے، واقعے کا مقدمہ متاثرہ طالب علم کی مدعیت میں درج کر لیا گیا جبکہ دوسرا مقدمہ گرفتار ڈاکوؤں سے ملنے والا غیر قانونی اسلحہ کا درج کیا گیا ہے۔