خیبر پختونخوا میں بارشیں، تیز آندھی سے اب تک 10 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 1st, June 2025 GMT
پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں 27 مئی سے 31 مئی تک ہونے والی بارشوں سے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 مرد، 3 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں ہونے والی بارشوں اور تیز آندھی کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 10 افراد جاں بحق اور 30 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں 27 مئی سے 31 مئی تک ہونے والی بارشوں سے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 مرد، 3 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ بارش کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں ہونے والے زخمیوں میں 13 مرد، 10 خاتون اور 7 بچے شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارش اور آندھی کے باعث مجموعی طور پر 34 گھروں کو نقصان پہنچا، جس میں 32 کو جزوی اور دو مکمل طور پر منہدم ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع مردان، صوابی، پشاور، شانگلہ، دیر لوئر، سوات، تور غر، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ اور ہری پور میں پیش آئے۔ حکام نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ تمام ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: خیبر پختونخوا میں پی ڈی ایم اے نے
پڑھیں:
خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردی کیخلاف اینٹی ڈرون جیمنگ ٹیکنالوجی متعارف کرا دی
حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو دیگر اضلاع میں بھی متعارف کرانے کا منصوبہ ہے، تاکہ صوبے بھر میں ڈرون کے ذریعے ممکنہ خطرات سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے اینٹی ڈرون جیمنگ ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ہے، کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور قاسم علی خان کے مطابق پولیس نے جدید جیمنگ گن کے ذریعے فضا میں پرواز کرتے مشکوک ڈرونز کو کامیابی سے جام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی اضلاع، بالخصوص شمالی وزیرستان، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان جیسے علاقوں میں دہشت گرد گروہوں کی جانب سے ڈرونز کے ذریعے نگرانی اور حملوں کے خدشے کے پیش نظر یہ ٹیکنالوجی وقت کی اہم ضرورت بن چکی تھی۔
یہ جدید جیمنگ ٹیکنالوجی تین کلومیٹر کے دائرے میں کسی بھی مشتبہ ڈرون کو مکمل طور پر ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سی سی پی او کے مطابق اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف اہم تنصیبات، عوامی اجتماعات اور حساس علاقوں کی سیکیورٹی مزید مضبوط ہوگی بلکہ پولیس کی انسداد دہشت گردی صلاحیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو دیگر اضلاع میں بھی متعارف کرانے کا منصوبہ ہے، تاکہ صوبے بھر میں ڈرون کے ذریعے ممکنہ خطرات سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔