لندن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والا ملعون عدالت سے مجرم قرار
اشاعت کی تاریخ: 3rd, June 2025 GMT
لندن : برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ترک قونصل خانے کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے ملعون شخص کو عدالت نے مجرم قرار دے کر 240 پاؤنڈ (تقریباً 325 ڈالر) جرمانہ کر دیا ہے۔
ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ عدالت میں مقدمہ اس وقت درج کیا گیا جب فروری میں ملعون نے عوامی مقام پر قرآن پاک کے نسخے کو جلایا اور اس عمل کو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ اگرچہ مذہبی کتاب جلانا بعض افراد کے لیے توہین آمیز ہو سکتا ہے، مگر اس کیس میں ملزم کا رویہ، زبان اور مخصوص مقام پر یہ عمل بدنظمی کے زمرے میں آتا ہے۔
ملعون نے عدالت میں اپنے دفاع میں کہا کہ وہ ترک حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اور ہاتھ میں پکڑی کتاب کو لہرا رہے تھے، جس دوران ان پر ایک شخص نے حملہ بھی کیا۔
جج نے ریمارکس دیے کہ ملزم کی بدزبانی، قرآن پاک کو اسلام کے ساتھ جوڑ کر نذر آتش کرنا، اور نفرت انگیز رویہ اس جرم کو بدنظمی اور اشتعال انگیزی میں بدل دیتا ہے۔
ملعون کے وکیل نے کہا کہ یہ کارروائی 2008 میں منسوخ شدہ توہین مذہب کے قانون کو دوبارہ زندہ کرنے کے مترادف ہے، تاہم عدالت نے پراسیکیوشن کے اس موقف کو تسلیم کیا کہ یہ مقدمہ مذہب کی توہین پر نہیں بلکہ عوامی بدانتظامی پر مبنی تھا۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: قرآن پاک
پڑھیں:
صوابی: ٹک ٹاک پر غیراخلاقی ویڈیو وائرل کرنے والا لڑکا گرفتار
صوابی:پولیس نے ٹک ٹاک پر غیراخلاقی ویڈیو وائرل کرنے والا ملزم عرف مٹرو کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ضلعی پولیس صوابی نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ایک غیر اخلاقی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک لڑکے کو غیراخلاقی فعل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا اور اس واقعے پر عوامی سطح پر شدید غم و غصہ اور افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔
ایس ایچ او تھانہ کالوخان عبدالولی خان نے وائرل ویڈیو پر فوری ایکشن لیا اور پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم اصغر عرف مٹرو کینگ سکنہ بندو اوبہ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایسے غیر اخلاقی اور معاشرتی اقدار کے منافی اقدامات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر صوابی ضیا الدین احمد نے کہا کہ صوابی پولیس ایسے عناصر کو سختی سے کچلے گی جو معاشرتی اقدار، مذہبی اور انسانی اصولوں کے خلاف غیر اخلاقی حرکات میں ملوث ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس افسر نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ معاشرتی بگاڑ پیدا کرنے والوں کی نشان دہی کرکے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔