’’چھ ماہ میں مرجاؤ گے‘‘؛ ڈاکٹر کی وارننگ نے عدنان سمیع کی زندگی بدل دی
اشاعت کی تاریخ: 7th, June 2025 GMT
بھارت کے معروف گلوکار عدنان سمیع نے اپنی زندگی کے سب سے مشکل دور کا احوال بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ جب ان کا وزن 230 کلوگرام تک پہنچ گیا تھا، تو ڈاکٹرز نے انہیں خبردار کیا تھا کہ وہ چھ ماہ سے زیادہ زندہ نہیں رہ پائیں گے۔
انڈیا ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عدنان سمیع نے بتایا کہ ڈاکٹر کی یہ بات سن کر وہ اتنا غصہ ہوئے کہ سیدھا ایک بیکری پہنچ گئے اور وہاں موجود آدھی چیزیں کھا لیں۔ ان کے والد نے جب یہ منظر دیکھا تو انہیں ڈانٹتے ہوئے کہا، ’’کیا تم خدا سے نہیں ڈرتے؟‘‘
عدنان نے بتایا کہ ڈاکٹر کی وارننگ پر انہوں نے ابتدائی طور پر کوئی توجہ نہیں دی، بلکہ ڈاکٹر کو میلو ڈرامائی قرار دے کر بات کو نظر انداز کردیا۔ تاہم، جب ان کے والد نے جذباتی انداز میں کہا، ’’میں تم سے صرف ایک چیز مانگ رہا ہوں، پلیز مجھے میرے بچے کو دفنانے کا موقع مت دینا‘‘۔ تو یہ بات ان کے دل کو چھو گئی۔
وزن کی زیادتی کی وجہ سے عدنان سمیع کو کئی سنگین مسائل کا سامنا تھا۔ وہ لیٹ کر نہیں سو سکتے تھے اور برسوں تک بیٹھ کر ہی سوتے رہے۔ ان کے پھیپھڑوں پر چربی کے دباؤ کی وجہ سے سانس لینا مشکل ہوجاتا تھا، جبکہ انہیں لیمفیڈیما کی تشخیص بھی ہوئی تھی۔
بالآخر عدنان سمیع نے اپنے والد سے وعدہ کیا کہ وہ اپنا وزن کم کریں گے۔ انہوں نے ہائی پروٹین والی خوراک اپنائی اور 120 کلوگرام تک وزن کم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اب وہ نہ صرف بہتر صحت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، بلکہ حیرت انگیز طور پر اپنا وزن کم کرنے کی وجہ سے بھی موضوع گفتگو بنتے رہے ہیں۔
TagsShowbiz News Urdu.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
کراچی گندہ نہیں اسے گندہ کہنے والوں کی سوچ گندی ہے، جویریہ سعود
کراچی:اداکارہ جویریہ سعود نے ساتھی فنکاراؤں صبا قمر اور عفت عمر کی جانب سے کراچی کو ’گندہ‘ شہر قرار دینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی گندہ نہیں بلکہ اسے گندہ کہنے والوں کی سوچ گندی ہے۔
گزشتہ روز عفت عمر نے صبا قمر کی حمایت میں ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے سندھ کے دارالحکومت کراچی کو ’گندہ شہر‘ قرار دیا تھا۔
اس سے قبل صبا قمر نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ انہیں کراچی پسند نہیں، وہ وہاں صرف کام کے لیے جاتی ہیں اور کام مکمل ہوتے ہی اسلام آباد واپس آجاتی ہیں۔
میزبان کے اس سوال پر کہ کیا انہوں نے کبھی کراچی منتقل ہونے کا سوچا ہے، صبا قمر نے ’استغفراللہ‘ کہتے ہوئے جواب دیا کہ وہ اس شہر کو پسند نہیں کرتیں۔ ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات نے شدید ردعمل دیا تھا۔
اب کراچی سے تعلق رکھنے والی جویریہ سعود نے صبا قمر اور عفت عمر کا نام لیے بغیر انسٹاگرام اسٹوری پر ان کی پوسٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا ہے۔
جویریہ سعود نے لکھا کہ کراچی گندہ نہیں، گندی صرف ان لوگوں کی سوچ ہے جو اپنے ہی ملک اور شہروں کو برا کہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر گندے نہیں ہوتے، انسانوں کی نیت اور سوچ گندی ہوتی ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ کراچی ہو یا پاکستان کا کوئی اور شہر، وہ اپنے ملک کے ہر حصے سے محبت کرتی ہیں۔