کے پی: بارشوں، تیز آندھی، سیلاب سے 6 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 22nd, June 2025 GMT
—فائل فوٹو
خیبر پختون خوا میں بارش، آسمانی بجلی اور دیواریں گرنے سے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ موصول ہو گئی۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق کے پی میں 20 جون سے بارشوں، تیز آندھی اور فلش فلڈ سے حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 مرد، 1 خاتون اور 2 بچے جبکہ زخمیوں میں 3 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں، مجموعی طور پر 7 گھروں کو نقصان پہنچا، 5 جزوی اور 2 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حادثات مانسہرہ، بونیر دیر لوئر اور اپر، مالاکنڈ، کوہستان کولائی پالس میں پیش آئے، بارشوں کا سلسلہ 23 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کے لیے مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پنجاب میں پہلی بار سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ شروع
حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع اور نگرانی کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
ڈرون مانیٹرنگ کے دوران جھنگ کے تریموں بیراج میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ریکارڈ کی گئی جبکہ پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال، پانی کی آمد اور دریائی کناروں پر کٹاؤ کا جائزہ لیا گیا، جہاں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق رہا۔
سرگودھا میں دریائے چناب پر واقع طالب والا پل، خانیوال میں ہیڈ سدھنائی بیراج اور ہیڈ ورکس، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں رسول بیراج پر بھی ڈرون سرویلنس کے ذریعے پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی گئی۔ حکام کے مطابق ساہیوال کے علاقے کتب شہانہ کے قریب نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سیالکوٹ کے ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔