کراچی: نارتھ ٹاؤن سوسائٹی کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے شخص جاں بحق، ملزمان فرار
اشاعت کی تاریخ: 26th, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے نارتھ ٹاؤن سوسائٹی کے قریب نامعلوم افراد کے تیز دھار آلے سے حملے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
مقتول کی شناخت 30 سالہ مستقیم ولد خلیل کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے والد کے ہمراہ پنکچر کی دکان پر کام کرتا تھا۔
واقعے کے فوری بعد مقتول کو شدید زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اسپتال انتظامیہ نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔
مقتول کے بھائی کے مطابق، مستقیم معمول کے مطابق دکان پر کام کر رہا تھا جبکہ ان کے والد بیٹری چارج کروانے قریبی مقام پر گئے تھے۔ اسی دوران نامعلوم ملزمان آئے اور مستقیم پر تیز دھار آلے سے حملہ کر کے فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع پر منگھوپیر اور خواجہ اجمیر نگری پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، تاہم حدود کے تعین پر دونوں تھانوں کے درمیان رات گئے تک حدود کی تکرار جاری رہی، جس کے باعث ابتدائی تفتیش میں پیش رفت تاخیر کا شکار ہوئی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں واٹر ٹینکر نے ایک اور جان لے لی، بلدیہ میں بائیک سوار نوجوان جاں بحق، ڈرائیور فرار
کراچی:شہر قائد میں دندناتے ہوئے واٹر ٹینکر نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، بلدیہ میں واٹر ٹینکر نے نوجوان کو کچل دیا، ڈرائیور فرار ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق واقعہ بلدیہ لکی چڑھائی جامعہ فاروقیہ مدرسہ کے قریب پیش آیا جس میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے بائیک سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں کی مدد سے سول اسپتال پہنچائی۔
چھیپا حکام کے مطابق متوفی موٹر سائیکل پر سوار تھا اور واقعہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے پیش آیا ہے، فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکیم، متوفی کی عمر 28 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او موچکو فیصل لطیف نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے واٹر ٹینکر چھوڑ کر فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے پولیس نے واٹر ٹینکر اپنے قبضے میں لے لیا ہے جبکہ متوفی کی موٹر سائیکل بھی پولیس تھانے لے آئی ہے، پولیس حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔