کراچی سے جدہ جانے والے طیارے کے انجن میں آتشزدگی، ہنگامی لینڈنگ
اشاعت کی تاریخ: 27th, June 2025 GMT
ٹیک آف کے چند منٹ بعد ہی کپتان کو طیارے میں تیکنیکی خرابی محسوس ہوئی، جس پر سعودی ایئر کی پرواز کے کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول رابطہ کرکے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد سے جدہ جانے والی سعودی ایئر کے طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل ہنگامی لینڈنگ کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کے ٹیک آف کے چند منٹ بعد ہی کپتان کو طیارے میں تیکنیکی خرابی محسوس ہوئی، جس پر سعودی ایئر کی پرواز کے کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول رابطہ کرکے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ سعودی ایئر کا طیارہ کراچی سے جدہ واپس جا رہا تھا، جس میں 218 مسافر سوار تھے۔ سعودی ایئر کے طیارے میں اچانک انجن میں آگ کی وارننگ آئی اور اس وجہ سے سعودی ایئر کے طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی۔
طیارے میں ہنگامی لینڈنگ کے باعث اے ٹی سی نے فوری طور رن وے 25 ایل کو خالی کروا کر سعودی ایئر کے طیارے کو لینڈ کروایا۔ سعودی ایئر کے طیارے کی انسپکشن کیلئے فوری انجینئرنگ ٹیم کو طلب کر لیا گیا، ہنگامی لینڈنگ کے متعلق سول ایوی ایشن کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق تمام مسافر بحفاظت آف لوڈ کر دیئے گئے اور ابتدائی معائنے میں انجن میں کوئی خرابی ظاہر نہیں ہوئی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سعودی ایئر کے طیارے ہنگامی لینڈنگ کی طیارے میں
پڑھیں:
ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ کریک ڈاؤن، 8 کروڑ کی منشیات برآمد
ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ کریک ڈاؤن کے دوران 8 کروڑ کی منشیات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران 5 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف کے مختلف آپریشنز کے دوران 8 کروڑ 37 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 97.165 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے 2 مسافروں کے سامان سے کپڑوں میں جذب 19 کلوگرام آئس برآمد ہوئی جب کہ ایک اور کارروائی میں جدہ جانے والے 3 مسافروں کے جوتوں سے 1.6 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی، جن میں 2 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر برطانیہ جانے والے پارسل سے لیڈیز کپڑوں میں چھپائی گئی 64.565 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی اور اس کارروائی میں بھی ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ کالا باغ ریلوے اسٹیشن کے قریب اے این ایف نے ایک خاتون مسافر کے سامان سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی، جب کہ پشاور رنگ روڈ پر واقع ایک کوریئر آفس سے کراچی بھیجے جانے والے پارسل میں 1.2 کلوگرام چرس ملی۔ اسی طرح کراچی میں بھی ایک خاتون مسافر کے قبضے سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ علاوہ ازیں بھکر روڈ، ڈیرہ اسماعیل خان میں موٹر سائیکل سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔