وزیر اعلی مریم نواز کا ایک اور اعزاز،اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ میں 50ہزارسے زائد گھروں کاہدف مکمل
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ۔ صوبہ پنجاب میں وزیراعلی کے ویژن کے تحت شروع کیا گیا اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ تیزی اور کامیابی سے اپنے اختتام کی طرف کی جانب گامزن ہے۔ صرف جون کے مہینے میں 50 ہزار سے زائد گھروں کا ہدف مکمل کر لیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر 51,911 سے زائد افراد کو مکان بنانے کے لیے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ پنجاب حکومت کے مطابق مختصر عرصے میں 57 ارب 90 کروڑ روپے کے بلاسود یا آسان اقساط پر قرضے جاری کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے ہزاروں خاندانوں نے ذاتی گھر کی تعمیر کا خواب پورا کیا۔ اب تک 5,293 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور یہ مکانات باقاعدہ آباد ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پراجیکٹ کی پیشرفت پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم عوام کے لیے آسانی اور سہولت پیدا کرنے کے لیے ہے، اور قرضے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر شفاف انداز میں دیے جا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
مریم نواز کا دورہ جاپان نیا سنگ میل ثابت ہوگا: عظمیٰ بخاری
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جاپان کے تاریخی اور اہم دورے پر ہیں جو بین الاقوامی سطح پر صوبہ پنجاب کی ترقی کے لیے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز دوست ممالک سے روابط مضبوط کر کے پنجاب کے لیے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون حاصل کرنے والی پہلی وزیراعلیٰ ہیں۔ ان کا وژن صوبے کو خودمختار، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانا ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا جاپان کا دورہ نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو فروغ دے گا بلکہ نئے منصوبوں، سکالرشپس اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر جیسے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت دوست ممالک سے سیکھنے اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب عالمی برادری میں ایک فعال اور ترقی پذیر خطے کے طور پر ابھر رہا ہے۔