وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ ،50ہزارسے زائد گھروں کا ٹارگٹ پورا
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت شروع کیا گیا اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ تیزی سے کامیابی کی جانب گامزن ہے۔ صرف جون کے مہینے میں 50 ہزار سے زائد گھروں کا ہدف مکمل کر لیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر 51,911 سے زائد افراد کو مکان بنانے کے لیے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔
پنجاب حکومت کے مطابق مختصر عرصے میں 57 ارب 90 کروڑ روپے کے بلاسود یا آسان اقساط پر قرضے جاری کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے ہزاروں خاندانوں نے ذاتی گھر کی تعمیر کا خواب پورا کیا۔ اب تک 5,293 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور یہ مکانات باقاعدہ آباد ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پراجیکٹ کی پیشرفت پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم عوام کے لیے آسانی اور سہولت پیدا کرنے کے لیے ہے، اور قرضے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر شفاف انداز میں دیے جا رہے ہیں۔
Post Views: 4.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
وزیرداخلہ کی اسلام آباد میں ماڈل جیل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ رواں سال مکمل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد:وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ماڈل جیل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ رواں سال مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 برس سے زیر التوا ماڈل جیل کی تعمیر کے منصوبے پر کام تیز ہوگیا ہے اور 2 بیرک مکمل، چیک پوسٹیں اور مرکزی واچ ٹاور تکمیل کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد سیکٹر ایچ 16 میں زیر تعمیر ماڈل جیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر تعمیر ماڈل جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو رواں برس مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔
انہوں نے کہا کہ دن رات کام کرکے تعمیراتی سرگرمیاں ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں۔ پہلے مرحلے میں ماڈل جیل میں 1500 قیدیوں کی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے ماڈل جیل میں 90 دن کے اندر 2 مزید بیرکوں کی تعمیر کی ہدایت بھی کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جیل میں 34 بستروں پر مشتمل اسپتال اور مین کچن کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کو ماڈل جیل میں اسٹاف کی تعیناتی کے لیے پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیل کی تعمیر کا منصوبہ 2011 میں شروع ہوا تھا، جو کئی سال تعطل کا شکار رہا۔ وزیر داخلہ کے دورے کے موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر،اے ڈی سی جی،سی ڈی اے حکام،کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے۔