علی امین گنڈاپور انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش نہ ہوئے، اشتہاری اسٹیٹس برقرار
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
فائل فوٹو
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اکتوبر 2022 احتجاج کیس میں اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس کے باعث ان کا اشتہاری کا اسٹیٹس برقرار ہے۔
علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ آئی 9 میں درج مقدمے پر سماعت 10 جولائی تک ملتوی کردی گئی ہے۔
عدالت میں وکیل ظہور الحسن نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور آج پیش نہیں ہوسکتے، میں 10 جولائی کو ہر صورت پیش کردوں گا۔
گزشتہ سماعت کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جانے پر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی گئی۔
عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ملزم کا سیکشن 87 کے تحت اشتہار جاری ہوا جب تک عدالت نہیں آتے اشتہار کینسل نہیں ہوسکتا۔
جج طاہر عباس سِپرا نے ریمارکس دیے کہ اس کے ساتھ قبل از گرفتاری ضمانت بھی کروانی چاہیے لیکن لاہور ہائیکورٹ کی ججمنٹ آگئی ہے، ریلیف لینے کے لیے علی امین کو عدالت میں پیش ہونا پڑے گا، پشاور ہائیکورٹ کا حکم موجود ہے، میں نیا حکم نامہ کیسے جاری کروں؟
وکیل صفائی نے کہا کہ مجھے آپ کے وارنٹ کی فکر ہے، اس کو معطل کردیں، علی امین گنڈاپور پیش ہو جائیں گے۔
جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ وہ تو اس وقت کا اشتہار تھا جب وہ سپریم کورٹ انصاف لینے گئے، آپ ریلیف مانگتے ہیں لیکن اس کے لیے عدالتوں کا بھی احترام کریں۔ علی امین گنڈاپور کے آنے تک میں وارنٹ یا اشتہار کینسل نہیں کرسکتا، اسلام آباد پولیس پاکستان کی ہر ہائیکورٹ کے حکم کی تعمیل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں نہ تو وارنٹ اور نہ ہی اشتہار ختم کر رہا ہوں، میں نے پولیس کو حکم دے دیا ہے اگر ہائیکورٹ کا حکم ملا تو اس پر عملدرآمد کرے۔
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: علی امین گنڈاپور عدالت میں
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔