میرپور ماتھیلو؛ مال گاڑی کو حادثہ، مسافر ٹرینیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار
اشاعت کی تاریخ: 4th, July 2025 GMT
کراچی:
میرپور ماتھیلو کے قریب مال گاڑی کا انجن اور 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے باعث اَپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک عارضی طور پر بلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے انجینئرنگ اور آپریشن اسٹاف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اَپ لائن کو بحال کر دیا ہے، جس کے بعد مسافر ٹرین 41 اَپ قراقرم ایکسپریس کو لوپ لائن کے ذریعے روانہ کر دیا گیا۔
روہڑی سے ریلیف ٹرین حادثے کے مقام پر پہنچ گئی اور ڈاؤن ٹریک کی مکمل بحالی پر کام شروع کر دیا۔
ڈاؤن ٹریک بند ہونے سے پشاور، لاہور اور دیگر شہروں سے کراچی جانے والی مسافر ٹرینیں 8 سے 10 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں جبکہ اَپ ٹریک کی جزوی بندش سے بھی ٹرینیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔
واضح رہے کہ مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے آئے روز حادثات کے باعث ریلوے مسافر انتہائی پریشانی کا شکار ہیں جبکہ حادثات کے باعث ریلوے کو کروڑوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کا شکار
پڑھیں:
ڈیزل منہگا ہونے پر کرایوں میں اضافے پر غور کر رہے ہیں، ریلوے حکام
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ڈیزل مہنگا ہونے پر کرایوں میں اضافے پر غور کر رہے ہیں۔
لاہور سے ریلوے حکام کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے ریلوے کو شدید مالی نقصان کاسامنا ہے، اضافی بوجھ مسافر اور مال بردار ٹرینوں پر ڈالنا پڑے گا۔
ریلوے حکام کے مطابق کوشش ہے کہ مسافر ٹرینوں پر کم اور مال بردار ٹرینوں پر زیادہ بوجھ ڈالا جائے، ہماری کمیٹی جلد فیصلہ کرے گی کہ کرایوں میں کتنا اضافہ ہوگا۔
ریلوے حکام کے مطابق 18جون کو مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 3 فیصد جبکہ مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔