نواز شریف کی عمران خان سے ملاقات کی خبریں محض افواہیں ہیں : اسحاق ڈار
اشاعت کی تاریخ: 5th, July 2025 GMT
اسلام آباد:نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مسلم لیگ ( ن ) کے سربراہ اورسابق وزیر اعظم نواز شریف کی بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی خبر کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کسی کی خواہش تو ہو سکتی ہے لیکن حقیقت نہیں۔
ہفتہ کے روز حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور سلامتی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا ایجنڈا ملک کی سلامتی کے ساتھ اقتصادی ترقی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دورہ آذربائیجان کے دوران 2 ارب ڈالر کے معاہدے طے پائے ہیں، جو پاکستان کی معیشت کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مہنگائی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور حکومت اسے مزید کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے حضرت داتا گنج بخش کے 982 ویں عرس کے موقع پر مزار کے توسیعی کاموں اور غلام گردش سمیت دیگر امور پر تیزی سے جاری ترقیاتی کاموں کا ذکر کیا اور بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دربار کے لیے مدینہ شریف جیسی چھتریوں کی تنصیب کی منظوری دی ہے۔
خارجہ امور پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی جانب سے شروع کی گئی جنگ میں پاکستان نے 9 سے 10 مئی کی رات بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور ہوا و فضا میں بھارت کو بدترین شکست ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو کامیابی عطا کی اور پاکستان عالمی سطح پر سلامتی کونسل کی صدارت کر رہا ہے جو اس کے نایاب مقام کی عکاسی کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے ایران کے ساتھ دوستی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے دیکھا کہ پاکستان اس کا سچا دوست ہے اور ایران میں پاکستان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
انہوں نے اسرائیل کے ایران پر حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان نے ایران کا بھرپور ساتھ دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہشمند ہے اور جنگ اس کے ایجنڈے میں شامل نہیں۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک مضبوط اتحادی ہے اور اس نے کسی عہدے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کو اکثریت کے حوالے سے کوئی مشکل نہیں اور نواز شریف کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی خبریں محض افواہیں ہیں، جو کسی کی خواہش ہو سکتی ہیں لیکن حقیقت نہیں۔
Post Views: 2.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: اسحاق ڈار نے کہ پاکستان نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے ہے اور
پڑھیں:
نواز شریف کا اڈیالہ جیل جانے کا ارادہ نہیں، عمران خان سے ملاقات کی کہانی بے معنی ہے، سینیٹر عرفان صدیقی
سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے پارٹی قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے اڈیالہ جیل جا کر عمران خان سے ملاقات کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میاں صاحب اڈیالہ جیل جانے کو تیار نہیں، یہ ساری کہانی بے معنی، لغو اور اس میں کوئی وزن نہیں ہے‘۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ’ان فوکس‘ میں میزبان نادیہ نقی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ ’نواز شریف بڑی دفعہ اڈیالہ جیل جا چکے ہیں، جرم بے گناہی میں بھی جا چکے ہیں اور اڈیالہ جیل کے اندر متعدد بار قید کاٹ چکے ہیں، ان کا اڈیالہ جیل جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر نے مزید کہا کہ ’میں نے میڈیا اور سوشل میڈیا میں بھی یہ بات سنی، بالخصوص معتبر صحافیوں کی گفتگو بھی دیکھی کہ شاید نواز شریف عمران خان سے ملاقات کرنے اڈیالہ جیل جا رہے ہیں، لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ میاں صاحب کا کیا ایجنڈا ہو سکتا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ وہ کیا مانگنے جا رہے ہیں؟ یا کیا دینے جا رہے ہیں یا ان کے پاس ایسا کیا ہے جو خان صاحب کے کام آسکتا ہے یا پھر خان صاحب کے پاس ایسی کیا چیز ہے جو اس ملاقات میں نواز شریف کے کام آ سکتی ہے’۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ ساری کہانی بے معنی، لغو اور اس میں کوئی وزن نہیں، یہ ان ہی سرکلز اورگوشوں سے آئی ہوئی کہانی ہے جو پی ٹی آئی کے ورکرز اور ان کے چاہنے والوں کو کوئی نہ کوئی کسی نہ کسی طرح کی تسلی دیتے رہتے ہیں‘۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ ’اب یہ ایک نیا بیانیہ تراشہ گیا ہےکہ عمران خان کا ماشا اللہ قد کاٹھ اتنا بڑا ہے کہ وہ جیل کے اندر پڑے ہوئے ہیں اور انہیں راضی کرنے، منانے کے لیے نواز شریف کی ضرورت پڑ گئی ہے، ایسی کوئی بات نہیں ہے‘۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ ’نہ میاں صاحب اور نہ ہی پارٹی نے ایسا کچھ سوچا ہے، نہ کوئی ایسی بات زیر غور آئی ہے اور نہ ایسا کوئی پروگرام بنا ہے، آخر وہ جائیں تو کیوں جائیں گے ؟
انہوں نے مزید کہا کہ ’کیا ملک نہیں چل رہا، کیا ملک کی اکانومی عمران خان کے بغیر ڈوب رہی ہے، کیا عمران خان کی وجہ سے ہمارے بیرونی تعلقات خراب ہو گئے ہیں،کیا ہم بھارت سے جنگ ہار گئے ہیں ؟ سینیٹر عرفان صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی موجودہ پولیٹیکل حالات میں کوئی جگہ نہیں ہے، وہ اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں‘۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے پروگرام میں اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’ان کےکچھ ساتھی جو کوٹ لکھپت میں بیٹھے ہوئے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں، ان کی پارٹی اس لیے الجھن کا شکار ہےکہ ان کا لیڈر نہیں چاہتا، وہ کہتا ہے کہ چوروں، ڈاکوؤں اور فارم 47 والوں سے کیا بات کرنی ہے، تو پہلے وہ خود آپس میں طےکر لیں کہ انہیں کرنا کیا ہے، پھر ہمارے پاس آئیں، نواز شریف کا کیا لینا دینا ہے اس کھیل میں‘۔
ادھر، پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے بھی سابق وزیراعظم نوازشریف کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی خبریں افواہیں قرار دے دیں، انہوں نے کہا ہے کہ ’سابق وزیراعظم ملک کے لیے اہم قدم اٹھانے کی اہلیت نہیں رکھتے، ظلم سے پی ٹی آئی اور عوام کو خاموش نہیں کروایا جا سکتا‘۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے۔
Post Views: 4