Jasarat News:
2025-09-18@13:53:25 GMT

جب کربلا نے پکارا!

اشاعت کی تاریخ: 6th, July 2025 GMT

data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

ماہِ محرم آتا ہے تو واقعاتِ کربلا کا تذکرہ شروع ہو جاتا ہے۔ ان واقعات کی تاریخی شہادتیں اور مستند اسناد موجود ہیں مگر مجالس کے بیشتر واقعات مبالغہ آمیزی، داستان گوئی اور محفل آرائی کے زمرے میں آتے ہیں۔ سیّدنا امام حسینؓ نے دیگر صحابہ کی طرح یزید کی حکومت کو اس بنیاد پر تسلیم کرنے سے انکار کر دیا کہ وہ ایک نااہل اور کردار کے لحاظ سے انتہائی پست انسان تھا۔ آپؓ کو اہلِ عراق نے سفارتوں اور خطوط کے ذریعے سے دعوت دی کہ وہ کوفہ آجائیں تاکہ لوگ ان کی بیعت کر لیں۔ یہ طویل داستان تاریخ میں محفوظ ہے۔ کئی پیش بندیاں کرنے اور اپنے نمائندے مسلم بن عقیلؓ کو کوفہ بھیجنے کے بعد آپؓ نے اس پُر خطر سفر کا فیصلہ کیا تھا۔ بعد میں حالات بدل گئے اور عراق کے نئے گورنر عبیداللہ ابنِ زیاد کے ظلم و ستم کے نتیجے میں بزدل اور بے وفا کوفیوں نے آپ کا ساتھ چھوڑ دیا۔ مسلم بن عقیلؓ اور ان کے بچوں کو شہید کر دیا گیا، اور حالات یکسر بدل گئے۔ اس وقت تک امام حسینؓ حدودِ عراق میں داخل ہو چکے تھے۔ بدلے ہوئے حالات میں انہوں نے مزاحم قوتوں سے کہا کہ وہ ان کا راستہ چھوڑ دیں تاکہ وہ براہِ راست یزید سے جاکر بات کر لیں، یا ان کو واپس جانے دیا جائے مگر انہیں بتایا گیا کہ یا تو یزید کی بیعت کریں یا پھر مرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔ ان حالات میں امام حسینؓ نے بزدلی کی بجائے بہادری کا راستہ اپنایا، اور رخصت کی بجائے عزیمت کی راہ لی۔ پھر وہ المناک معرکہ پیش آیا جس میں ایک جانب چند اہلِ حق تھے اور دوسری جانب ہوا و ہوس کے غلام ہزاروں لشکر۔ اس معرکے میں سیدنا حسینؓ کے تمام ساتھی ایک ایک کر کے شہید ہوتے چلے گئے۔ حتیٰ کہ ایک معصوم بچہ بھی شہید ہوگیا۔

واقعاتِ کربلا تفصیلی ہیں، مگر اختصار کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ جب سیدنا امام حسینؓ کو تمام راستے مسدود کرکے جنگ پر مجبور کر دیا گیا تو پھر آپؓ نے پیٹھ نہیں پھیری۔ البتہ یہ بھی آپ کی عظمت ہے کہ رات کو آپ نے اپنے تمام ساتھیوں کو جمع کرکے فرمایا کہ یہ لوگ میرے خون کے پیاسے ہیں۔ انھیں یا تو میری بیعت چاہیے یا پھر سر۔ آپ لوگوں سے ان کو کوئی غرض نہیں ہے۔ آپ رات کی تاریکی میں خاموشی سے یہاں سے کوچ کر جائیں۔ میں ان سے خود نمٹ لوں گا مگر ان کے سب ساتھیوں نے یک زبان یہ کہا کہ ہم کسی صورت آپؓ کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ ہمارا جینا مرنا آپ کے ساتھ ہے۔ آپ کے ان ساتھیوں میں حُر بن یزید اور اس کے چند رفقا حقیقت میں بنو امیہ کی طرف سے آپ کا راستہ روکنے والوں میں شامل تھے مگر آپؓ کی پر اثر تقریر کو سن کر انھوں نے سرکاری ذمے داریوں اور مناصب کو پائے استحقار سے ٹھکرا دیا اور آپ کے ساتھ آخر وقت تک وفاداری کا حق نبھایا۔
جب آپؓ کے سب ساتھی ایک ایک کرکے شہید ہوگئے تو آپ نے ایک یمنی چادر اپنے بدن پر لپیٹ لی۔ پھر تلوار لے کر میدان میں اترے۔ وہ جس جانب جھپٹتے تھے جنگجُو منتشر ہوجاتے تھے۔ آپ کو کئی زخم لگ چکے تھے اور پیاس سے بھی آپ نڈھال تھے۔ موت آنکھوں کے سامنے تھی مگر آپ بلا خوف و خطر دشمن سے نبرد آزما رہے۔ کربلا کا ذرہ ذرہ اس شہید وفا کو دیکھ کر پکار رہا تھا ؎
دل میں سما گئی ہیں قیامت کی شوخیاں
دو چار دن رہا تھا کسی کی نگاہ میں

دس محرم کے روز ظہر اور عصر کے درمیان آپؓ کی شہادت ہوئی۔ آپ کے قاتل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ شمر بن ذی الجوشن تھا جبکہ یہ رائے بھی بیان کی جاتی ہے کہ آپ کو قبیلہ مْذحج کے ایک بدبخت شخص نے شہید کر دیا۔ یہ رائے امام ابن کثیر نے البدایہ والنھایہ میں دی ہے۔ اس کے مقابلے میں تاریخ طبری میں جس شخص کو آپؓ کا قاتل قرار دیا گیا ہے، وہ نسان بن انس نخعی تھا اور آپ کا سر کاٹنے والے کا نام طبری نے خولی الاصبعی بیان کیا ہے۔ یہی رائے امام ذہبی کی بھی ہے۔
ایامِ کرب و بلا میں بعض مواقع پر خیموں میں موجود خواتین کی طرف سے اگر کسی نوعیت کی پریشانی کا اظہار ہوا تو اس عظیم انسان نے انھیں بہترین انداز میں تلقین فرمائی کہ مومن کی ڈھال صبر ہے۔ دنیا کی بے ثباتی اور آخرت کی حیاتِ ابدی کو اتنے موثر اور دلنشین پیرائے میں بیان فرماتے رہے کہ ان کے ملفوظات پڑھ کر دل کو عجیب تسکین ملتی ہے۔ اگر امام حسینؓ کمزوری دکھا جاتے تو ایک بہت بڑا فکری انحراف رونما ہوجاتا۔ اس میں شک نہیں کہ عملی طور پر خلافت ملوکیت میں بدل گئی جو امت کے لیے بہت بڑا سانحہ ہے، مگر یہ بات قابلِ لحاظ ہے کہ اگر فکری لحاظ سے بھی یہ امت راستہ کھو بیٹھتی تو اس کا حال بھی ان دیگر مذاہب کی طرح ہوتا جو الہامی کتب اور وحیِ ربانی کی روشنی سے فیض یاب ہونے کے باوجود مکمل طور پر اپنی منزل سے نابلد ہوگئے اور اپنا تشخص کھو بیٹھے۔ شہادتِ حسین ایک بہت بڑا سانحہ ہے لیکن اس کے بعد کے مراحل اس سے بھی زیادہ دلدوز ہیں۔

مستند روایات کے مطابق سیدنا حسینؓ کا سر کاٹ کر پہلے کوفہ میں عبیداللہ بن زیاد کے سامنے پیش کیا گیا، پھر دمشق میں یزید کے دربار میں پیش کیا گیا۔ دونوں جگہ ان دونوں بد بخت افراد نے نواسۂ رسول کے بارے میں گستاخانہ رویہ اختیار کیا۔ یزید کے دربار میں جب امام کا سر پیش کیا گیا تو اس نے آپؓ کے چہرہ مبارک پر ایک چھڑی سے ٹھونکا دیا۔ مورخین کے مطابق اس نے بار بار یہ حرکت کی۔ اس موقع پر دربار میں آنحضورؐ کے صحابی سیدنا ابو برزہ اسلمیؓ بھی موجود تھے۔ ان سے برداشت نہ ہوسکا اور انھوں نے کہا: اے یزید! اس چہرۂ مبارک سے چھڑی دور کر لو۔ خدا کی قسم! میں نے اپنی آنکھوں سے بارہا یہ منظر دیکھا کہ نبی اکرمؐ اپنے مبارک لبوں سے اس چہرے کو نہایت محبت سے چوما کرتے تھے۔ دونوں درباروں میں خاندانِ اہل بیت کی عفت مآب بیٹیوں کو بھی حاضر کیا گیا اور دونوں جگہ ابن زیاد اور یزید نے بڑے تکبرکا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حسین باغی تھا جو اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے۔ ہر دو مقامات پر سیدنا حسینؓ کی شیردل ہمشیرہ سیدہ زینب بنت علیؓ نے ان کو منہ توڑ جواب دیا۔
یزید کو معاویہؓ نے بارہا یہ نصیحت کی تھی کہ وہ سیدنا حسینؓ کے ساتھ نرمی کا معاملہ کرے۔ فرمایا: حسینؓ، فاطمہؓ بنت محمدؐ کا بیٹا ہے۔ لوگوں کے دل میں اس کی بڑی محبت ہے۔ اس کے ساتھ معاملہ کرتے ہوئے ہمیشہ صلہ رحمی اور نرمی اختیار کرنا۔ وہ ہمارے قریبی رشتے دار ہیں۔ یزید نے اپنے والد کی نصیحت پر عمل کرنے کے بجائے وہ راستہ اختیار کیا جو ظلم، شقاوت، سنگ دلی اور قطع رحمی کی بدترین مثال ہے۔ یزید کے بعض وکلا اس کی بریت ثابت کرنے کے لیے یہ دور کی کوڑی بھی لاتے ہیں کہ اس نے سیدنا حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کے قتل کا حکم نہیں دیا تھا، یہ محض عبیداللہ بن زیاد کا عمل ہے۔ ان وکلا کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں کہ اگر اس نے ایسا حکم نہیں دیا تھا تو:

1۔کیا اس نے ابن زیاد سے کوئی ہلکی سی بھی باز پرس کی کہ اس کے حکم کے بغیر اس نے اتنے بڑے جرم کا ارتکاب کیوں کیا؟
2۔تاریخ کے اس ریکارڈ کا کیا کیا جائے کہ ابن زیاد جس سے یزید نالاں تھا اس واقعے کے بعد اس کا پسندیدہ اور چہیتا گورنر بن گیا؟
3۔جب شہید کربلا کا سر یزید کے دربار میں پہنچا تو ابن زیاد ہی کی طرح ان کے چہرہ اطہر پر چھڑی سے ٹھونکے کیوں دیے گئے؟
4۔اتنے بڑے سانحے کے بعد بنات اہل بیت کو جس لب و لہجے میں اپنے دربارمیں اس نے مخاطب کیا اس کا اخلاقی یا انسانی لحاظ سے کیا جواز تھا؟
یزید کے اس عمل کی کوئی توجیہہ ممکن نہیں۔ البتہ امام ابن تیمیہؒ کی طرح ہمارا موقف یہ ہے کہ اس کے باوجود سب و شتم اسلامی نقطۂ نظر سے ہر گز پسندیدہ عمل نہیں۔ یزید کا جو بھی جرم ہے، اس کا بدلہ وہ اللہ کے ہاں پارہا ہوگا اور روز محشر بھی پائے گا۔ اخلاقِ نبوی سے جو سبق ملتا ہے اس کے مطابق کسی جانی دشمن، بدترین کافر اور ناپاک جانور کو بھی گالی دینا منع ہے۔ ایک مومن کے لیے اسوۂ حسنہ رسول اللہ کی ذاتِ اقدس ہے۔ جہاں ہم اپنا یہ موقف واضح کرنا چاہتے ہیں وہیں ہم بلا خوف لومۃ لائم یہ حقیقت بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یزید جیسا ایک فرد جس کے بارے میں اس دور میں زندہ صحابہ کرام کی ایک بہت بڑی اکثریت کے خیالات و ملفوظات غیر مبہم انداز میں بتاتے ہیں کہ وہ ایک انتہائی ناپسندیدہ کردار ہے، نرم گوشہ رکھنا بڑی جسارت اور ناانصافی ہے۔ پھر یہ تو ایک جرم سے کم نہیں کہ جس شخصیت کو نبی اکرمؐ نے جنت کے نوجوانوں کا سردار ہونے کی بشارت دی، جسے آپؐ نے اپنے بازووں اور کندھوں پر اٹھایا اور جسے آپ نے اپنا محبوب قرار دیا، اس کے مقابلے میں یزید جیسے ایک مستبد، بدعمل اور قاتل حکمران کو ترجیح دی جائے۔ آنحضورؐ کی یہ حدیث کافی واضح ہے کہ قیامت کے دن ہر شخص اسی کے ساتھ کھڑا ہوگا، جس کے ساتھ اس نے محبت کی۔ (صحیح بخاری)

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: ابن زیاد بن زیاد کے ساتھ کیا گیا یزید کے ہے کہ ا ہیں کہ کے لیے کی طرح کر دیا

پڑھیں:

وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈوویلپمنٹ چوہدری سالک حسین پاکستانی ورک فورس کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے دنیا بھر کے ایمپلائرز کے ساتھ ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے میں مصروف ہیں۔ خواجہ رمیض حسن

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2025ء) مسلم لیگ ق کے رہنما خواجہ رمیض حسن نے پریس ریلیز میں کہا کہ مسلم لیگ ق کا منشور عوامی خدمت اور بہبود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی کی جانب سے بیرون ممالک سے بھیجی جانے والی رقوم معیشت میں استحکام کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈوویلپمنٹ چوہدری سالک حسین پاکستانی ورک فورس کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے دنیا بھر کے ایمپلائرز کے ساتھ ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے میں مصروف ہیں،وفاقی وزیر کا وژن ہنر مند افراد کو دنیا کی اعلیٰ ترین پبلک و پرائیویٹ فرمز سے منسلک کروا کر ریمیٹنسز میں اضافے اور معیشت کو دوام فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • پاکستان ریلوے نے 3 ٹرینیں منسوخ کر دیں، مسافر پریشانی کا شکار
  • امکان ہے کہ پاکستان اب سعودی پیسوں سے امریکی ہتھیار خرید سکے گاجس کی اسے ضرورت ہے: حسین حقانی
  • پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے سے بھارت اور اسرائیل میں صف ماتم بھچی ہوئی ہے: مشاہد حسین سید 
  • پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ بھارت کیلئے سرپرائز تھا: مشاہد حسین
  • نارویجین فٹبالر پاکستان فٹبال ٹیم کی نمائندگی کیلیے اہل قرار
  • اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین گنے کی فصل پر کیڑوںکے حملے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
  • مشاہد حسین سید کا پاکستان کو بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے کا مشورہ
  • وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈوویلپمنٹ چوہدری سالک حسین پاکستانی ورک فورس کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے دنیا بھر کے ایمپلائرز کے ساتھ ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے میں مصروف ہیں۔ خواجہ رمیض حسن
  • گوجرانوالہ: نوائے وقت کے نیوز ایجنٹ اقبال پرویز وفات پا گئے‘ ختم قل کل ہو گا
  • 16 ستمبر اور جنرل ضیاءالحق