آج ملک بھر میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 7th, July 2025 GMT
آج ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7 جولائی بروز پیر خیبر پختونخوا، کشمیر، پنجاب ، شمال مشرقی / جنوبی بلوچستان، اسلام آباد اور جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اس دوران کشمیر، بالائی پنجاب، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز، موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہے گا۔
قبل ازیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے) بھی 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کرچکا ہے۔
این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ندی نالوں، دریاؤں (چناب، جہلم، سندھ، کابل، ہنزہ) میں طغیانی اور مرالہ، قادرآباد پر کم درجے کا سیلاب بھی متوقع ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.ذریعہ: WE News
پڑھیں:
بلوچستان، بارش میں آسمانی بجلی، دیوار گرنے سے 2 نوجوان، 1 بچی جاں بحق
—فائل فوٹوبلوچستان کے اضلاع واشک، لورالائی اور موسیٰ خیل میں بارش کے دوران آسمانی بجلی اور دیوار گرنے سے 2 نوجوان اور ایک بچی جاں بحق ہو گئی۔
آبی ریلوں سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا، پی ڈی ایم اے نے آج رات اور کل ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، صحبت پور میں طوفانی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں، طوفانی ہواؤں اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کئی علاقوں میں نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ضلع واشک میں فلیش فلڈ کے باعث رہائشی مکانات، چار دیواریوں اور زرعی زمینوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، نقصانات کا حتمی تخمینہ لگانے کے لیے سروے کا عمل جاری ہے۔
ضلع لورالائی تیز طوفانی بارش سے دیوار گرنے سے ایک بچی علیزہ جاں بحق ہو گئی جبکہ متعدد سولر پینلز کو نقصان پہنچا ہے۔
ضلع سوراب میں موسلا دھار بارش کے ساتھ شدید طوفانی ہواؤں کی وجہ سے گھروں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا۔
ضلع موسیٰ خیل میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث 2 نوجوان عبدالحلیم اور جمال دین جاں بحق ہو گئے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہاں زیب خان نے بتایا ہے کہ ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، صحبت پور میں آج رات اور کل طوفافی بارش کا امکان ہے۔
بارشوں سے پیدا ہونے والی ممکنہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے تیار ہے، متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔