یو اے ای نے بھارتیوں کو تاحیات گولڈن ویزا دینے کی خبر کو جھوٹ قرار دے دیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, July 2025 GMT
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے واضح طور پر ان خبروں کی تردید کر دی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مخصوص قومیتوں کو ایک لاکھ درہم فیس کے عوض عمر بھر کے لیے گولڈن ویزا جاری کیا جا رہا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق، ایسی تمام رپورٹس بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ آئی سی پی (شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی کی وفاقی اتھارٹی) نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے ان خبروں کو جھوٹا اور غیر قانونی دعویٰ قرار دیا ہے۔
حالیہ دنوں بھارتی میڈیا، بشمول پریس ٹرسٹ آف انڈیا، دی ہندو اور ٹائمز آف انڈیا، نے رپورٹ کیا تھا کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے شہری ایک نئی اسکیم کے تحت تاحیات گولڈن ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
تاہم، یو اے ای حکومت نے وضاحت کی ہے کہ گولڈن ویزا صرف مخصوص زمروں جیسے کہ سرمایہ کار، کاروباری افراد، سائنسدان، ممتاز طلبا اور انسانیت کے علمبردار کے لیے مخصوص ہے، اور تمام درخواستیں صرف سرکاری چینلز کے ذریعے ہی جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
آئی سی پی نے خبردار کیا کہ غیر مجاز مشاورتی دفاتر یا ویب سائٹس سے بچیں، جو جھوٹے دعوے کر کے لوگوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
درخواست گزاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ ادارے کو فیس یا ذاتی معلومات نہ دیں اور صرف یو اے ای کے اندرونی سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: گولڈن ویزا
پڑھیں:
بھارتی میڈیا کا نیا جھوٹ بے نقاب، پاکستان نے پروپیگنڈا کا پول کھول دیا!
اسلام آباد: پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھارتی چینل ریپبلک ٹی وی کے گمراہ کن اور بے بنیاد دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف من گھڑت خبریں پھیلانا بھارتی میڈیا کا معمول بن چکا ہے۔
بھارتی چینل نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان مبینہ طور پر مغربی ممالک اور اسرائیل کی نگرانی میں 20 ہزار فوجی غزہ بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے، جب کہ اس کے ساتھ یہ مضحکہ خیز دعویٰ بھی کیا گیا کہ پاکستان نے اپنے پاسپورٹ سے "اسرائیل کے لیے ناقابلِ استعمال" کی شق ختم کر دی ہے۔
تاہم، وزارتِ خارجہ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی بیان میں واضح کیا گیا کہ یہ تمام دعوے سراسر جھوٹے ہیں۔ پاکستانی پاسپورٹ پر اب بھی واضح طور پر درج ہے کہ: “یہ پاسپورٹ اسرائیل کے علاوہ تمام ممالک کے لیے قابلِ استعمال ہے۔”
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا اسرائیل سے متعلق مؤقف بالکل دو ٹوک اور غیر متزلزل ہے۔ نہ پاکستان نے کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا ہے، نہ ہی کسی قسم کا فوجی یا سفارتی تعاون زیرِ غور ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھارتی میڈیا کے بے بنیاد الزامات کو "زہریلا پروپیگنڈا" قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت پر ہمیشہ قائم رہے گا۔
واضح رہے کہ ریپبلک ٹی وی کا یہ من گھڑت دعویٰ کسی علاقائی یا بین الاقوامی میڈیا ادارے نے رپورٹ نہیں کیا۔