9 مئی مقدمات کے فیصلے آنا انصاف کی سمت اہم پیشرفت: عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 24th, July 2025 GMT
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے 9 مئی کے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اس سانحے کے تمام حقائق قوم کے سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کی ناکام بغاوت کے مقدمات کے فیصلے دو سال بعد آنا شروع ہوئے ہیں، اور یہ انصاف کی سمت اہم پیش رفت ہے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ان واقعات میں ملوث تمام کرداروں کی شناخت، پلاننگ کے مقامات اور سازش کے تانے بانے اب بے نقاب ہو چکے ہیں۔ جنہوں نے 9 مئی کا منصوبہ بنایا، حملے کروائے اور شہداء کی یادگاروں کو نذرِ آتش کیا، وہ پاکستان کے اصل دشمن ہیں اور کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ فوجی تنصیبات پر حملے مکمل منصوبہ بندی اور تربیت کے ساتھ کیے گئے اور اب کسی کو اس حوالے سے کوئی شبہ باقی نہیں رہا۔ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق، تمام ٹرائل کورٹس چار ماہ میں 9 مئی کے مقدمات کے فیصلے سنانے کی پابند ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ اور اس کا کوچ کسی صورت احتساب سے نہیں بچ سکتے۔ حکومت قانون کے مطابق کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچائے گی اور شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سہیل آفریدی کے سیاسی قائدین سے رابطے‘ قیام امن کیلئے مل کر چلنے کی پیشکش
پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے میں بڑی مثبت سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ٹیلیفونک رابطے کئے اور صوبائی اسمبلی کی اِن ہاؤس کمیٹی کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے بتایا کہ انہوں نے صوبے کے دیگر سیاسی رہنماؤں، جن میں مولانا فضل الرحمن، سراج الحق، امیر مقام، آفتاب شیرپاؤ اور محمد علی شاہ باچا شامل ہیں، سے بھی رابطے کیے ہیں۔ ان تمام رہنماؤں سے صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کے قیام پر کوئی دو رائے نہیں، امن و استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے مگر امن سب کا مشترکہ ہدف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپیکر صوبائی اسمبلی کی جانب سے تمام سیاسی رہنماؤں کو باضابطہ طور پر اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام فریقین کو ساتھ لے کر صوبے میں پائیدار امن اور استحکام یقینی بنایا جائے گا۔