وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ سے ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات،دونوں اداروں کے درمیان اشتراک بارے بریفنگ دی
اشاعت کی تاریخ: 24th, July 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ سے ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کو ملاقات کی اور دونوں اداروں کے درمیان ہونے والے اشتراک بارے تفصیلی بریفنگ دی۔وزارت سے جاری بیان کے مطابق احد خان چیمہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی لاہور اور ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے درمیان تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی دنیا کی بہترین جامعات میں سے ایک ہے، اس کا پاکستانی ادارے کے ساتھ اشتراک خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کو اب ٹیکنالوجی اور دیگر جدید شعبوں میں ایک اور معیاری تعلیمی ادارے کی سہولت میسر آئے گی، کوشش ہوگی کہ ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی جیسے دیگر بین الاقوامی ادارے بھی پاکستان کا رخ کریں تاکہ ہم تعلیمی میدان میں ترقی کی نئی راہیں کھول سکیں۔(جاری ہے)
وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کا انحصار جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی پر ہے ، انشاء اللہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ایک مزید مضبوط ادارہ بنایا جائے گا تاکہ ملک تعلیمی میدان میں نمایاں ترقی کرے۔وفد نے اس موقع پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کو ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور مستقل تعاون پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔\932
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے
پڑھیں:
گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی : پاک فوج کی کاوشوں کا مظہر
پاک فوج کی کاوشوں سے گوادر کے نوجوانوں کے لیے عالمی معیار کا ایک بے مثال تعلیمی ادارہ گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی خطے میں ترقی، تعلیم اور ہنرمندی کی علامت بن چکا ہے۔
یہ ادارہ 2005 سے گوادر اور مکران ڈویژن کے نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہا ہے، تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنے ہنر کا لوہا منوا سکیں۔
کمانڈر گوادر ڈویژن نے انسٹیٹیوٹ کے ہونہار طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں انہوں نے نوجوانوں کے عزم اور قابلیت کو سراہا۔ اس موقع پر کمانڈر گوادر ڈویژن نے کہا کہ یہاں کے طلبہ بین الاقوامی معیار کی تکنیکی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور یہی نوجوان پاکستان کے تابناک مستقبل کے معمار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کا کردار وطن کی تعمیر و ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ تعلیم کے ساتھ دیانتداری اور خلوصِ نیت کے ساتھ محنت ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔
کمانڈر گوادر ڈویژن نے طلبہ کو نصیحت کی کہ اپنی صلاحیتیں علم و تحقیق کے فروغ میں صرف کریں، کیونکہ پاکستان کا مستقبل اُن باصلاحیت نوجوانوں سے جڑا ہے جو اپنی کامیابی کے ساتھ وطن کی ترقی کا عزم رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی پاک فوج کے اُس عزم و وژن کا مظہر ہے جو بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور خود انحصاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے۔