حکومت پنجاب کا ریلوے کے اشتراک سے گرین کوریڈور منصوبہ شروع کرنیکا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 1st, August 2025 GMT
لاہور:
حکومت پنجاب نے پاکستان ریلویز کے اشتراک سے گرین کوریڈور منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گرین کوریڈور منصوبے کے تحت 40 کلومیٹر ایریا میں 700 کنال رقبہ پر گرین بیلٹس بنائی جائیں گی، شاہدرہ سے رائیونڈ کے درمیان ریلوے ٹریک سے منسلک ایریا کو گرین بیلٹس میں تبدیل کیا جائے گا۔
تقریباً سوا دو ارب لاگت کا گرین کوریڈور منصوبہ ایک سال میں مکمل کیا جائے گا۔ ریلوے کی پرانی بوگیوں میں لائبریریاں اور کیفیز بھی بنائے جائیں گے۔
منصوبے کو کل چار پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے پیکج میں شاہدرہ سے ریلوے اسٹیشن، دوسرے میں والٹن تک کام مکمل کیا جائے گا جبکہ تیسرے پیکج میں والٹن سے کوٹ لکھپت اور چوتھے میں رائیونڈ تک مکمل کیا جائے گا۔
محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے منصوبے کا PC-1 محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو بھجوا دیا، منصوبے سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی میں بھی مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے سے تعاون پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: گرین کوریڈور کیا جائے گا
پڑھیں:
دریائے سندھ پر طویل ترین پل منصوبے کی پیش رفت پر اہم اجلاس
کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت گھوٹکی-کندھ کوٹ پل منصوبے کی پیش رفت پر اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزرا ضیا الحسن لنجار، حسن علی زرداری، معاون خاص سید قاسم نوید، چیف سیکریٹری سید آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری ورکس محمد نواز سوہو، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور دیگر شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں بتایا کہ گھوٹکی-کندھ کوٹ پل دریائے سندھ پر طویل ترین برج ہوگا۔ ملکی معیشت، ترقی اور ٹریفک سہولت کے اعتبار سے عوام کے لیے ایک شاہکار پل زیر تعمیر ہے، جس کی تعمیر سے سندھ-پنجاب اور سندھ-بلوچستان کے درمیان آمدورفت آسان ہو جائے گی۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ ورکس گھوٹکی-کندھ کوٹ پل کی تعمیر کر رہا ہے۔ دریائے سندھ پر گھوٹکی-کندھ کوٹ پل کی لمبائی 12.15 کلومیٹر ہے جب کہ گھوٹکی کی جانب سے پل تک پہنچنے والی سڑک کی لمبائی 10.40 کلومیٹر اور کندھ کوٹ کی جانب سے 8.10 کلومیٹر ہے۔ گھوٹکی-کندھ کوٹ پل کے ساتھ ٹھل لنک روڈ کی لمبائی 4.548 کلومیٹر ہے۔
پل کو جانے والی گھوٹکی اور کندھ کوٹ سڑکوں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے ۔ ٹھل لنک روڈ کی تعمیر بھی مکمل ہوچکی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جاڑی واہ، گھوٹا فیڈر کینال اور ٹبی مائنر پر 3 پل تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ گھوٹکی-کندھ کوٹ پل کے 38 پائپ کلورٹس کی تعمیر بھی مکمل ہوچکی ہے۔ پل کے 732 پائلز میں سے 379 پر کام مکمل ہو چکا ہے اور اس وقت سیلاب کے باعث کام رکا ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ گھوٹکی-کندھ کوٹ پل پر تعمیراتی کام نومبر میں شروع کردیا جائے۔ سیلاب کا پانی اترنے کے بعد پل پر تعمیراتی کام باقاعدہ شروع کیا جانا چاہیے۔ گھوٹکی-کندھ کوٹ پل ملکی معیشت کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ نومبر سے پل کے مقام پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔