کراچی، 4 اگست کو بجلی کا شٹ ڈاؤن مجموعی طور پر 9 گھنٹوں تک جاری رہے گا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, August 2025 GMT
کراچی:
کے-الیکٹرک کی جانب سے 4 اگست (پیر) کو بن قاسم کلسٹر کے تحت آنے والے دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر ضروری مینٹیننس کا کام انجام دیا جائے گا، جس کے باعث کراچی کے سب سے اہم دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیڈرز پر بجلی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق شٹ ڈاؤن کا دورانیہ مجموعی طور پر 9 گھنٹے پر محیط ہوگا کیونکہ مینٹیننس کا یہ عمل 4 اگست بروز پیر کو صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک جاری رہے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ بجلی کی اس معطلی کے باعث کراچی شہر کو پانی کی فراہمی میں 100 ملین گیلن تک کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، بن قاسم، ڈی ایچ اے اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگی۔
واضح رہے کہ اس وقت کراچی شہر کو یومیہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم مینٹیننس کے دوران 550 ملین گیلن پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ شٹ ڈاؤن کے-الیکٹرک کے ڈپٹی جنرل منیجر برائے گرڈ سسٹم آپریشنز کی جانب سے واٹر کارپوریشن کو موصول ہونے والی باقاعدہ درخواست کی بنیاد پر عمل میں لایا جا رہا ہے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط سے کام لیں، غیر ضروری استعمال سے گریز کریں اور ادارے سے بھرپور تعاون کریں تاکہ اس عارضی صورت حال کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کی فراہمی
پڑھیں:
امانت و دیانت، عوامی خدمت اور شہر کی تعمیر و ترقی جماعت اسلامی کا وژن ہے، منعم ظفر
تقریبات سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ بدقسمتی سے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور حکمران پارٹیوں کی نا اہلی کے باعث اہل کراچی بے شمار مسائل سے دوچار ہیں، نعمت اللہ خان کے دور میں کراچی کو 100 ملین گیلن یومیہ پانی کا تحفہ دیا گیا تھا لیکن آج نصف سے زائد آبادی پینے کے پانی سے محروم ہے۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ امانت و دیانت کے ساتھ عوامی خدمت اور شہر کی تعمیر و ترقی جماعت اسلامی کا وژن ہے، جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے محدود وسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود عوامی خدمت کے کاموں میں مصروف ہیں، صرف 2 سال میں جماعت اسلامی نے اپنے 9 ٹاؤنز میں 171 سے زائد پارکس بحال کیے، 42 سرکاری اسکول ازسرنو تعمیر کیے، ایک لاکھ سے زائد اسٹریٹ لائٹس نصب کیں اور کھیلوں کے میدان آباد کیے، گلشن اقبال میں زیڈ اے نظامی روڈ کی از سر نو تعمیر و بحالی اور ناظم آباد نمبر 2 میں صادقین پارک و ارینا کا افتتاح عوام کے لیے تحفہ ہے، ناظم آباد ٹاؤن میں 21ویں پارک کا افتتاح کیا گیا ہے، گلبرگ ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں ماڈل محلے تعمیر، جبکہ حیدری مارکیٹ کو ماڈل مارکیٹ میں تبدیل کیا گیا ہے، جس کا افتتاح امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیڈ اے نظامی روڈ نزد بیت المکرم مسجد گلشن اقبال میں ماڈل روڈ اور ناظم آباد نمبر 2 میں صادقین پارک و ارینا کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور حکمران پارٹیوں کی نا اہلی کے باعث اہل کراچی بے شمار مسائل سے دوچار ہیں، نعمت اللہ خان کے دور میں کراچی کو 100 ملین گیلن یومیہ پانی کا تحفہ دیا گیا تھا لیکن آج نصف سے زائد آبادی پینے کے پانی سے محروم ہے، گزشتہ 22 برس میں شہر کے لیے پانی کی ایک بوند کا بھی اضافہ نہیں ہوا، کے فور منصوبہ 26 ارب روپے سے شروع ہوا اور آج 125 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے مگر تاحال مکمل نہیں ہوسکا، شہری بھاری بجلی بلوں کی ادائیگی کے باوجود 18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ برداشت کر رہے ہیں، جماعت اسلامی آج بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف ہائی کورٹ میں موجود ہے اور نیپرا کی ہر سماعت میں بھی شرکت کرکے اہل کراچی کا مقدمہ لڑتی ہے، ہماری مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں گزشتہ دو ماہ کے دوران بجلی کے ٹیرف میں 7 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔