لاہور: ہڈیارا ڈرین کو زہریلے صنعتی کچرے سے پاک کرنے کا انقلابی منصوبہ کیا ہے؟
اشاعت کی تاریخ: 7th, August 2025 GMT
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں ماحول اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ایک بڑا اورانقلابی قدم اٹھاتے ہوئے دریائے راوی میں گرنے والے 54 کلومیٹر طویل ہڈیارا ڈرین کو زہریلے صنعتی فضلے اور مضر صحت گندگی سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ محکموں اور ضلعی حکام کو اہداف دے دیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے 50 سے زائد صنعتی یونٹس کو ستوکاتلہ ڈرین کے ذریعے ہڈیارا ڈرین میں کچرا پھینکنے سے روکنے کے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اسی طرح فیصل آباد کی صنعتوں کو شہری آبادی سے ہٹا کر انڈسٹریل اسٹیٹ میں منتقل کرنے اور سیالکوٹ میں چمڑا رنگنے والی فیکٹریوں کو مخصوص صنعتی علاقوں میں منتقل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ’اب نتھیا گلی اپنے گھر جا کر دکھاؤ’ علی امین گنڈاپور نے مریم نواز شریف کو چیلنج کردیا
ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (EPA) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اس سلسلے میں سیکریٹری صنعت پنجاب، ڈی جی ایل ڈی اے، اور پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو خط بھی ارسال کر دیے ہیں۔
خط میں واضح کیا گیا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی جانب سے ہڈیارا ڈرین میں زہریلا کچرا براہ راست یا بالواسطہ پھینکنے سے ماحولیات، انسانی صحت اور آبی حیات کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل EPA نے تجویز دی ہے کہ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں 10 ایکڑ پر مشتمل مشترکہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر پیشرفت کی جائے۔ فیصل آباد میں رنگنے اور کپڑا بنانے والے کارخانوں کو ایم-3 انڈسٹریل اسٹیٹ میں منتقل کیا جائے۔
یاد رہے کہ ہڈیارا ڈرین کا کل فاصلہ 98 کلومیٹر ہے، جس میں سے 44 کلومیٹر بھارت میں اور 54 کلومیٹر پاکستان میں ہے۔ یہ نالا پہلے سیلابی پانی کے لیے قدرتی گزرگاہ تھا لیکن اب اسے صنعتی و گھریلو فضلے نے آلودہ کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: مریم نواز شریف کی مسجد نبوی میں بچوں کو تعلیم، ویڈیو وائرل
ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے مطابق پاکستان میں ہڈیارا ڈرین کے ساتھ 80 سے زائد صنعتیں موجود ہیں۔ اس نالے کا آلودہ پانی زرعی مقاصد اور سبزیوں کی کاشت کے لیے استعمال ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں دھاتیں اور خطرناک جراثیم سبزیوں اور پھلوں کے ذریعے انسانی جسم میں منتقل ہو رہے ہیں۔
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ پالک، بینگن جیسی سبزیاں ہڈیارا ڈرین کے زہریلے اجزاء کو جذب کر لیتی ہیں، جس سے جان لیوا بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ خاص طور پر تانبے اور سیسے سے بننے والی دھاتیں سبزیوں میں شامل ہو کر انسانی صحت پر مہلک اثرات ڈال رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اس منصوبے میں تاخیر نہ کی جائے اور ماحولیاتی تحفظ کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو محفوظ اور صحت مند زندگی مہیا کی جا سکے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
مریم نواز شریف ہڈیارا ڈرین وزیراعلٰی پنجاب.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: مریم نواز شریف ہڈیارا ڈرین انڈسٹریل اسٹیٹ مریم نواز شریف ہڈیارا ڈرین کے لیے
پڑھیں:
بل بورڈ 4افرادکی جان لے گیا،پنجاب کے سب سے بڑے شہرسے انتہائی افسوسناک خبر آگئی
لاہور (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے شاہدرہ میں دولت خان روڈ پر بل بورڈ لگانے کے دوران کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 4 افراد بل بورڈ لگا رہے تھے کہ انہیں کرنٹ لگ گیا جس کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پینتالیس سالہ ندیم ولد رمضان، پچیس سالہ نعمان ولد خالد، چھبیس سالہ اویس ولد توحید اور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں۔
Post Views: 8