گلگت: دنیور نالے میں تودے گرنے سے 8 رضاکار ملبے تلے دب کر جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 11th, August 2025 GMT
گلگت:
دنیور نالے میں تودے گرنے کے باعث 8 مقامی رضاکار ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مقامی رضاکار سیلاب سے متاثرہ واٹر چینل کی مرمت اور بحالی میں مصروف تھے کہ اچانک مٹی کا ایک بڑا تودہ گر گیا، جس کی زد میں آ کر کئی افراد دب گئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق مقامی رضاکار ٹیم سے ہے جب کہ 3 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور مقامی آبادی بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
ترجمان صوبائی حکومت نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلیاں شدت اختیار کر چکی ہیں، گلیشیئر پگھلنے سے مختلف نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں شیشپر نالے میں سیلاب آیا اور قریبی آبادیوں کی زمینوں کو شدید نقصان پہنچا۔ کھیت، باغات اور درخت بہہ گئے جب کہ قراقرم ہائی وے کا ایک حصہ بھی متاثر ہوا، جس کے بعد شاہراہ ہنزہ دوبارہ بند کر دی گئی ہے۔
شاہراہ قراقرم کے کٹاؤ کے باعث ہنزہ جانے والے ٹریفک کو متبادل راستے نگر روڈ سے گزارا جا رہا ہے۔ حکام نے ممکنہ مزید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، پنجاب اور کشمیر میں تیز بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کے سبب خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے انتباہ جاری کردیا جس میں کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی/ بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ موسلادھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔