مومنہ اقبال کی انوکھی خواہش ، علامہ اقبال کے ساتھ کھانے کی دلچسپ وجہ بتا دی
اشاعت کی تاریخ: 11th, August 2025 GMT
لاہور(نیوز ڈیسک) اداکارہ مومنہ اقبال نے ایک حالیہ شو میں شرکت کے دوران اپنی دلچسپ اور مزاحیہ باتوں سے مداحوں کو خوب محظوظ کیا۔ شو میں مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے ایک ایسی خواہش کا ذکر کیا جو سن کر سب چونک گئے—اگر انہیں کسی تاریخی شخصیت کے ساتھ کھانے کا موقع ملے تو وہ علامہ اقبال کا انتخاب کریں گی۔ وجہ؟ کیونکہ ان کے اپنے نام میں بھی “اقبال” شامل ہے۔
مومنہ اقبال نےگفتگو کے دوران بتایا کہ کبھی کبھار سیٹ پر وہ ایسا جملہ بول دیتی ہیں جسے بعد میں سوچ کر شرمندگی ہوتی ہے۔ دل میں اکثر خیال آتا ہے کہ یہ بات اکیلے میں کہہ دیتی تو بہتر تھا، سب کے سامنےکیوں کہہ دی۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انسٹاگرام پر کچھ مداح انہیں نہایت عجیب پیغامات بھیجتے ہیں،کوئی انہیں “بیوی” کہہ کر مخاطب کرتا ہے، کوئی ان کی خیریت اور کھانے پینے کے بارے میں پوچھتا ہے۔ مومنہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں کے لیے جہنم میں الگ سیکشن بننا چاہیے۔
اپنی پسندیدہ شخصیات کے بارے میں بات کرتے ہوئے مومنہ نے کہا کہ وہ صبا قمر کو بہترین اداکارہ سمجھتی ہیں، جبکہ ہمایوں سعید بھی ان کے فیورٹ ہیں۔ فواد خان کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی اسٹائل کے کپڑوں میں کمال لگتے ہیں، اور خواتین میں صبا قمر ہر انداز بخوبی نبھاتی ہیں۔
آخری سوال پر جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کس تاریخی شخصیت کے ساتھ ڈنر کرنا چاہیں گی، تو مومنہ نے مسکراتے ہوئے فوراً کہا — “علامہ اقبال، کیونکہ اقبال تو میرے نام میں بھی ہے۔”
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی: انٹر سائنس پری میڈیکل کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس پری میڈیکل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
چیئرمین انٹر بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں پہلی تینوں پوزیشنیں طالبات نے حاصل کی ہیں۔
پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں بحریہ کالج کارساز کی طالبہ فاطمہ صدیقی بنت محمد خالد رول نمبر 520050 نے ٹوٹل 1100 میں سے 1021 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
دوسری پوزیشن بھی بحریہ کالج کارساز کی طالبہ منزہ خان بنت مبشر حسن رول نمبر 520062 نے 1016نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی جبکہ کالج آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیزکی طالبہ انوشہ نوید بنت نوید سرور رول نمبر 510892 نے 1015 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں 28 ہزار 259 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 27 ہزار 323 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جس میں سے 15 ہزار 572 امیدوار کامیاب قرار پائے، اس طرح کامیابی کا تناسب 56.99 فیصد رہا۔
1998 امیدوار اے ون گریڈ، 3471 اے گریڈ، 4070 بی گریڈ، 4095 سی گریڈ، 1878 ڈی گریڈ اور 60 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔
نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔ امیدوار اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔
چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے کامیاب ہونے والی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے نتائج کے اعلان کے بعد پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جائے گی جس میں طلبہ کے ساتھ والدین، اساتذہ اور میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔