راولپنڈی : سفاک ملزم نے باپ اور دو بہنوں کو قتل کردیا، کمسن بھانجہ ذبح
اشاعت کی تاریخ: 11th, August 2025 GMT
راولپنڈی:
راولپنڈی میں سفاک ملزم نے باپ اور دو بہنوں کو قتل کردیا، ملزم نے اسلام آباد میں باپ اور بہن کو قتل کیا اور پنڈی پہنچ کر دوسری بہن کو قتل کرکے تین ماہ کے بھانجے کو ذبح کردیا جس کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملزم نے پہلے ترامڑی چوک اسلام آباد میں اپنے باپ اور چھوٹی بہن کو قتل کیا بعد میں دوسری بہن کو اڈیالہ روڈ پر قتل کیا، ملزم نے کم سن بھانجے کو ذبح کیا لیکن وہ شدید زخمی ہے۔
ملزم کو رنج تھا کہ بہن نے پسند کی شادی کیوں کی، مقتولہ 35 سالہ انجم زارا نے ڈیڑھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی، مقتولہ کا تین ماہ کا بچہ ہے۔
اڈیالہ روڈ جائے وقوع پر ایس پی صدر، اے ایس پی صدر اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ میں ملوث شخص کو فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
واقعے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے سے اپنی بہن کو قتل اور بھانجے کو شدید زخمی کیا، ملزم اسلام آباد میں بھی اپنے والد اور ایک بہن کو قتل کر کے آیا ہے۔
ترجمان پنڈی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ جائیداد کے تنازعہ پر پیش آیا۔ موقع سے شواہد حاصل کیے جارہے ہیں، زخمی بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بہن کو قتل کے مطابق باپ اور
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔