کاروباری اداروں کا حکومتی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
پاکستان کے کاروباری اداروں کا ملک کی سمت کے بارے میں اعتماد 4سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔مقامی کاروباری اداروں کی بڑی تعداد نے سابقہ حکومت کی نسبت موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا بھی اظہار کیا ہے۔
گیلپ پاکستان کے حالیہ بزنس کانفیڈنس سروے کے مطابق ملک میں مہنگائی، بڑھتے ہوئے توانائی اخراجات اور کاروباری آپریشنز چلانے میں لوڈ شیڈنگ جیسی مشکلات کے باوجود کاروباری اعتماد میں بہتری آئی ہے۔ نتائج کے مطابق ملک کی مجموعی سمت کے بارے میں کاروباری اداروں کی رائے میں نمایاں بہتری آئی ہے اورملکی سمت کا اسکور 2024ء کی آخری سہ ماہی میں سروے رپورٹ کے مقابلے میں ڈرامائی طور پر بہتر ہوکر منفی 2فیصد ہوگیا ہے۔
اگرچہ یہ اسکور اب بھی منفی ہے لیکن 2021ء کی چوتھی سہ ماہی کے بعد اعتماد کی بلندترین سطح پر ہے۔
سروے کے مطابق کاروباری اعتماد میں اضافہ کاروباری اداروں کے نقطہ نظر سے سیاسی و اقتصادی غیریقینی صورتحال میں بہتری کو ظاہر کرتاہے اور معیشت کے بارے میں موجودہ حکومت کی صلاحیت میں مثبت تاثر رکھنے والے کاروباری اداروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
سروے کے مطابق 46فیصد کاروباری اداروں نے پاکستان تحریکِ انصاف کے مقابلے میں موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جب کہ ایک سال قبل یہ شرح 24 فیصد تھی۔ گزشتہ سروے کے مقابلے میں 6فیصد بہتری کے ساتھ سروے کے 61 فیصد شرکا نے موجودہ کاروباری آپریشنز کو اچھا یا بہت اچھا قرار دیا ہے۔
اس کے علاوہ خدمات اور تجارتی شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے جب کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بحالی کی رفتار نسبتاً سست ہے۔مستقبل کے بارے میں 61فیصد شرکا پُر امید ہیں تاہم یہ اعتماد گزشتہ سروے کے مقابلے میں صرف ایک پوائنٹ بہتر ہوا ہے جو اس بات کی عکاسی ہے کہ اگرچہ کاروباری اداروں کو حالات خراب ہونے کا خدشہ نہیں ہے لیکن بہتری کی رفتار بھی بہت سست ہے۔
کاروباری اداروں کو درپیش چیلنجز کے بارے میں سوال کے جواب میں شرکا نے مہنگائی، توانائی اخراجات میں اضافہ اور ٹیکسز بدستور اہم مسائل قراردیا ہے۔ سروے کے مطابق 28فیصد شرکا نے مہنگائی، 18فیصد نے مہنگے یوٹیلٹی بلزاور 11فیصد نے ٹیکسز کو سب سے اہم مسئلہ بتایاہے۔
اسی طرح 47فیصد شرکا نے لوڈشیڈنگ کی تصدیق کی ہے جوکہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کچھ کم ہے جو اس بات کا اظہار ہے کہ ملک کے کاروباری شعبے میں اسٹرکچرل چیلنجز اب بھی موجود ہیں۔
سروے میں قابلِ ذکر مثبت پہلو رشوت کی شکایات میں کمی ہے اور 2024کی آخری سہ ماہی کے 34فیصد شرکا کے مقابلے میں صرف 15 فیصد شرکا نے گزشتہ 6ماہ میں رشوت دینے کا اعتراف کیا ہے۔
20 فیصد تاجروں، 13فیصد سروس سیکٹر اور 12فیصد مینوفیکچرنگ سیکٹرز کے شرکا نے رشوت دینے کا اعتراف کیا ہے۔ مجموعی طورپر سروے میں قومی سمت اور موجودہ کاورباری صورتحال پر کاروباری اداروں کے تاثرات میں بہتری آئی ہے تاہم مستقبل کے حوالے سے کاروباری اداروں کے اعتماد میں کمی آئی ہے اور مہنگائی، توانائی اخراجات میں اضافہ اور گورننس جیسے چیلنجز ملک کے کاروباری ماحول میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
گیلپ پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بلال اعجاز گیلانی نے سروے کے نتائج کے حوالے سے کہا کہ موجودہ سروے ملک کے کاروباری اداروں کے اعتمادمیں محدود سطح پر بہتری کی طرف اشارہ ہے اور کاروباری اسٹیک ہولڈرز میں استحکام کی عکاسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے نمایاں تبدیلی ملکی سمت بارے میں مثبت تاثر اور حکومتی معاشی پالیسیوں پراعتماد میں اضافہ ہے۔ اس رحجان کو برقرار رکھنے کا انحصار میکرو اکنامک اصلاحات، پالیسیوں میں تسلسل اور ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری پر ہے۔
گیلپ پاکستان کی بزنس کانفیڈنس انڈیکس 2025 کی دوسری سہ ماہی کے سروے کا انعقاد 23سے 27جولائی کے دوران مینو فیکچرنگ، خدمات اور تجارتی شعبوں میں پاکستان کے 524 کاروباری اداروں کے درمیان کیا گیا تھا۔یہ سروے موجودہ کاروباری صورتحال، حکومت معاشی مینجمنٹ اور مستقبل قریب کے بارے میں کاروباری اداروں کی آراء کی عکاسی ہے۔
گیلپ کا بزنس کانفیڈنس انڈیکس دنیا بھر میں پالیسی سازوں کے لیے ایک اہم اشاریہ ہے جو کسی ملک کے کاروباری اداروں کی رائے جاننے کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کاروباری اداروں کے کاروباری اداروں کی ملک کے کاروباری سروے کے مطابق کے مقابلے میں فیصد شرکا نے بہتری آئی ہے پالیسیوں پر کے بارے میں پاکستان کے میں اضافہ میں بہتری حکومت کی سہ ماہی ہے اور کیا ہے
پڑھیں:
کسی منی بجٹ کی ضرورت نہیں، وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری
اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر شیخ نے کہا کہ سیلاب سے متعلق اخراجات پورے کرنے کے لیے کسی منی بجٹ کی ضرورت نہیں ہے جبکہ برطانیہ کی معروف ہیلتھ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے ٹیکس پالیسیوں میں استحکام لانے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں منی بجٹ لانے کی ضرورت نہیں اور حکومت بجٹ کے اندر رہتے ہوئے اضافی اخراجات کو پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وہ یوکے کی ہیلتھ کمپنی ہیلون کی پاکستان میں معاشی اثرات سے متعلق رپورٹ کی تقریب رونمائی کے موقع پر سوال کا جواب دے رہے تھے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب حکومت بجٹ کی منظوری کے صرف 3ماہ بعد پارلیمان میں فلیڈ لیوی بل لانے پر غور کر رہی ہے۔ اس بل کے ذریعے درآمدی اشیا پر سیلاب ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے، حالانکہ بجٹ میں ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کی گئی تھی۔
ہیلون پاکستان کے سی ای او قوی نصیر نے کہا کہ ہر بجٹ سیشن کاروباری طبقے کے لیے اندازوں کا کھیل نہیں ہونا چاہیے، پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرمایہ کاری استحکام اور پالیسیوں کی پیش بینی پر منحصر ہے۔
ہیلون نے 2022 کے معاشی بحران کے دوران بھی 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی ،آکسفورڈ اکنامکس کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں ہیلون پاکستان نے 98 ملین ڈالر یا 27 ارب روپے کا معاشی اضافہ (GVA) کیا اور 6,600 ملازمتوں کو سہارا دیا۔
کمپنی نے اپنے آپریشنز کے ذریعے 11 ارب روپے کا براہ راست حصہ جی ڈی پی میں ڈالا، 572 افراد کو ملازمت دی اور 5.1 ارب روپے ٹیکس ادا کیا۔وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ معیشت کو استحکام دینے کے بعد پاکستان کو برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا۔
انھوں نے بتایا کہ حکومت اصلاحات کے تحت پانچ سال میں ریگولیٹری اور ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹیز ختم کرے گی اور موجودہ مالی سال میں تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں اور پی آئی اے کو نجی شعبے میں منتقل کرے گی۔
قیصر شیخ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہوچکی ہے اور جو کمپنیاں بحران کے وقت نکل گئیں وہ آج پچھتا رہی ہوں گی۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ ہیلون پاکستان کی موجودگی اس بات کی مثال ہے کہ برطانوی کمپنیاں صرف کاروبار نہیں بلکہ مقامی صنعت و کمیونٹی میں سرمایہ کاری بھی کر رہی ہیں۔
سینئر ریسرچ اکنامسٹ عافیہ ملک نے زور دیا کہ سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے پاکستان کو قوانین اور ٹیکس پالیسیوں میں وضاحت اور پیش بینی کو یقینی بنانا ہوگا۔