ترکی کے صوبہ چناق قلعہ میں خوفناک جنگلاتی آگ، سیکڑوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
ترکی کے شمال مغربی صوبے چناق قلعہ (Canakkale) کے مرکزی علاقے میں پیر کے روز خوفناک جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی جو تیز ہواؤں کے باعث تیزی سے پھیل گئی۔
مقامی حکام اور میڈیا کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ سیکڑوں افراد کو احتیاطی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
صوبائی گورنر عمر تورامان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر بتایا کہ آگ بجھانے کے لیے تقریباً 700 اہلکار، درجنوں گاڑیاں، فائر ٹرک، طیارے اور ہیلی کاپٹر تعینات کیے گئے ہیں۔ آگ کے خطرے کے پیشِ نظر ایک یونیورسٹی کیمپس، رہائشی علاقے اور فوجی تنصیبات کو خالی کرایا گیا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ ایمرجنسی گاڑیاں باآسانی آمدورفت کر سکیں۔
ریسکیو کارروائی کے دوران شہر کا ایئرپورٹ، اہم شاہراہ کا کچھ حصہ اور آبنائے داردانیلز (Dardanelles Strait) کئی گھنٹوں کے لیے بند کر دی گئی، تاہم سورج غروب ہونے کے بعد یہ دوبارہ کھول دی گئیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شعلے جنگل کے وسیع حصے کو لپیٹ میں لیے ہوئے ہیں اور گھنے دھوئیں کے بادل آسمان میں بلند ہو رہے ہیں۔ ہیلی کاپٹرز کو داردانیلز کی آبنائے سے پانی بھر کر آگ پر پھینکتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ پولیس کے واٹر کینن (پانی پھینکنے والی گاڑیاں) رہائشی عمارتوں میں لگی آگ کو بجھانے میں مصروف رہیں۔
ترکی کے محکمہ موسمیات کے مطابق علاقے میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ ہواؤں کی رفتار 66 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جس نے آگ کو مزید پھیلنے میں مدد دی۔
گورنر کے مطابق تقریباً 50 افراد دھوئیں سے متاثر ہوئے اور قریبی اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ترکی میں جولائی کا مہینہ گزشتہ 55 سالوں کا سب سے گرم مہینہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث ملک میں جنگلاتی آگ کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کوہاٹ: ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، بچے سمیت 3 افراد قتل
ڈیرہ اسماعیل خان+ کوہاٹ (نامہ نگاران) کوہاٹ شہر کے علاقہ چشمہ جات کے قریب فائرنگ سے ایک راہگیر بچے سمیت دو افراد کو قتل کر دیا گیا۔ قتل ہونے والا شخص کرم پولیس کا اہلکار ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوہاٹ شہر کے علاقہ چشمہ جات کے قریب نامعلوم ملزموں کی جانب سے فائرنگ میں کرم پولیس کا اہلکار رحیم سکنہ جنگل خیل کوہاٹ اور ایک راہگیر بچہ نقیب اللہ سکنہ میاں گڑھی جو نہانے کے لئے چشمہ جات آیا ہوا تھا۔ لگ کر جان بحق ہوگئے۔ جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پنیالہ کے گائوں کٹہ خیل میں نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل پنیالہ کی گائوں کٹہ خیل میں نامعلوم ملزموں نے مسجد کے اندر نماز ادا کرنیوالے نوجوان وحید اللہ ولد عبدالرشید سکنہ محلہ بیگ خیل کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔