عالمی سطح پر پاکستان کے حق میں دو اہم فیصلے
اشاعت کی تاریخ: 13th, August 2025 GMT
عالمی مستقل ثالثی عدالت نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے کہا ہے، بھارت مغربی دریاؤں کا پانی پاکستان کے بلا روک ٹوک استعمال کے لیے چھوڑ دے، بھارت نے حال ہی میں سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس سے قبل ثالثی عدالت کی کارروائی کا بائیکاٹ بھی کیا تھا۔ یہ فیصلہ پاکستانی موقف کی فتح ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدہ جنوبی ایشیاء میں آبی وسائل کی تقسیم کا ایک نادر اور دیرپا بین الاقوامی معاہدہ رہا ہے جس نے عشروں سے دونوں ممالک کے درمیان پانی کے حوالے سے تنازعات کو کسی حد تک روک کر رکھا ہے۔ تاہم، وقتاً فوقتاً اس معاہدے کی روح اور اس کے اطلاق کے حوالے سے مختلف نوعیت کے اختلافات جنم لیتے رہے ہیں۔
حال ہی میں عالمی مستقل ثالثی عدالت کی جانب سے پاکستان کے حق میں سنایا گیا فیصلہ، ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو نہ صرف پاکستان کے قانونی موقف کی توثیق کرتا ہے بلکہ بین الاقوامی قانون اور معاہدات کی پاسداری کے اصولوں کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
اس فیصلے کی جڑیں انیس اگست دو ہزار سولہ میں اس وقت پیوست ہیں جب پاکستان نے بھارت کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ پاکستان کا مؤقف تھا کہ بھارت مغربی دریاؤں پر ایسے منصوبے تعمیر کررہا ہے جو سندھ طاس معاہدے کی روح کے منافی ہیں اور پاکستان کے آبی حقوق پر کاری ضرب ہیں۔
پاکستان کی طرف سے عدالت سے یہ استدعا کی گئی کہ بھارت کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ معاہدے کی مکمل پاسداری کرے اور مغربی دریاؤں جن میں دریائے سندھ، جہلم اور چناب شامل ہیں، کے پانی کو پاکستان کے بلا روک ٹوک استعمال کے لیے چھوڑ دے۔ آٹھ اگست دو ہزار پچیس کو عالمی مستقل ثالثی عدالت کی طرف سے سنایا گیا فیصلہ، پاکستان کے اس مؤقف کی تصدیق کرتا ہے کہ بھارت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی کوشش کی اور پاکستان کے قانونی حقوق کو پامال کرنے کے اقدامات کیے۔
عدالت نے واضح الفاظ میں کہا کہ بھارت ان دریاؤں کے پانی کو نہیں روک سکتا اور اسے معاہدے کے مطابق پاکستان کو یہ پانی مہیا کرنا ہوگا۔ یہ فیصلہ نہ صرف پاکستان کی قانونی، اخلاقی اور سفارتی کامیابی ہے بلکہ یہ اس امر کا بھی اظہار ہے کہ عالمی برادری بھارت کی جانب سے معاہدوں کی خلاف ورزی پر خاموش نہیں رہے گی۔
اس فیصلے کی اہمیت اس وقت مزید بڑھ جاتی ہے جب اسے بھارت کی حالیہ حرکات و سکنات کے تناظر میں دیکھا جائے۔ حال ہی میں بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اعلان کر کے نہ صرف بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی کی کوشش کی بلکہ اس نے عالمی ثالثی عدالت کی کارروائی کا بائیکاٹ بھی کیا۔
اس بائیکاٹ کا مقصد شاید یہ تھا کہ وہ عدالت کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرے یا کارروائی کو غیر مؤثر بنا سکے، لیکن عدالت نے اس رویے کو نظر انداز کرتے ہوئے میرٹ پر فیصلہ سنایا، جو بھارت کے لیے ایک بین الاقوامی تنبیہ بھی ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی ریاست نہیں ہوتی۔
اس فیصلے کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ ایک جانب تو یہ فیصلہ جنوبی ایشیائی خطے میں پانی کے مسئلے پر موجود غیر یقینی صورتحال کو کسی حد تک واضح سمت دے گا، اور دوسری جانب بین الاقوامی برادری کو بھی یہ پیغام دے گا کہ پانی جیسے قیمتی اور حساس وسائل کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی معاہدات کا احترام لازم ہے۔ بھارت کے لیے بھی یہ لمحہ فکریہ ہے کہ وہ اپنی داخلی سیاست یا علاقائی بالادستی کے جنون میں بین الاقوامی اصولوں کو پامال نہ کرے کیونکہ ایسا طرزِ عمل نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے بلکہ خود بھارت کے عالمی تشخص کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔ایک اور اہم پہلو جس پر غور کیا جانا چاہیے وہ ماحولیاتی تبدیلی اور پانی کے بڑھتے ہوئے عالمی بحران کا ہے۔
دنیا بھر میں آبی ذخائر پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے، گلیشیئرز پگھل رہے ہیں اور بارشوں کے نظام میں بے ترتیبی پیدا ہو چکی ہے۔ ایسے میں دریاؤں کا بہاؤ روکنا، ان پر بند باندھنا یا ان کے قدرتی نظام میں مداخلت عالمی ماحولیاتی نظام پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے۔ سندھ طاس معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان پانی کی تقسیم کا ایک فریم ورک ہے بلکہ یہ ایک ماحولیاتی توازن قائم رکھنے کا ذریعہ بھی ہے۔
بھارت کے منصوبے نہ صرف پاکستان کے لیے خطرناک ہیں بلکہ پورے خطے کے ماحول اور زراعت پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔پاکستان کو بھی اس کامیابی کے بعد اپنی سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنانا ہوگا تاکہ یہ عدالتی فیصلہ نہ صرف کاغذی حد تک محدود رہے بلکہ اس پر مکمل عملدرآمد بھی یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب امریکا کی جانب سے بی ایل اے (بلوچ لبریشن آرمی) اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر کے دہشت گرد قرار دینا، ایک پیش رفت ہے ۔ یہ فیصلہ پاکستان سمیت ان خطوں میں استحکام، امن اور قانون کی حکمرانی کے قیام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
بی ایل اے ایک مسلح دہشت گرد گروپ ہے، جو بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے ۔ دوسری جانب، مجید بریگیڈ نے اپنے آپریشنز میں جہاں حکومتی تنصیبات کو نشانہ بنایا، وہاں سیکیورٹی فورسز، عام شہریوں اور سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں بھی کیں، جس سے انسانی جانوں کا نقصان ہوا اور ملک کے اندرونی امن کو دھچکا لگا۔
دہشت گردی ایک عالمگیر مسئلہ ہے۔ جب ایک ریاست خود اپنی داخلی سیکیورٹی کے لیے کارروائی کرتی ہے، تو اسے کبھی کبھی بین الاقوامی سطح پر الجھنوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے، جب ایک بین الاقوامی طاقت جیسے امریکا اس معاملے میں واضح موقف اختیار کرتی ہے، تو اس سے پاکستان کو نہ صرف قانونی اور اخلاقی حمایت ملتی ہے بلکہ اسٹرٹیجک اعتبار سے بھی ایک مضبوط موقف پر قائم رہنے کی قوت ملتی ہے۔
یہ فیصلہ اُن حکومتوں اور انھیں گروہوں کی پالیسیوں کو ایک عالمی سطح پر جھٹکا دیتا ہے جو دہشت گردی کو ایک سیاسی اوزار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمارے ہاں بعض حلقے ان گروہوں کو آزادی پسند تحریکیں قرار دیتے آئے ہیں، لیکن امریکی موقف نے ایک واضح لکیر کھینچ دی ہے کہ یہ گروہ دہشت گرد تنظیموں کی ہی شاخ ہیں، اور ان کے اہداف میں عوام کی حفاظت شامل نہیں، بلکہ انتشار، نفرت اور تشدد کو فروغ دینا شامل ہے۔
یہ حقیقت عوام کے شعور کو بیدار کرنے میں مددگار ہے، اور انھیں سمجھنے میں معاون ہے کہ معاشرتی ترقی، امن اور خوشحالی دہشت گردی کے خاتمے سے ممکن ہے، دہشت گردی کے پھیلاؤ سے نہیں۔یہاں ایک اور پہلو قابلِ ذکر ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف عسکری محاذ پر محدود نہیں رہنی چاہیے۔ اس میں سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ، نوجوانوں میں نظریاتی تربیت، تعلیم اور معاشرتی شعور میں اضافہ، معاشی مواقع کی فراہمی، اور سیاسی شمولیت کے راستوں کو بھی مستحکم کرنا ضروری ہے۔ دہشت گردی کے خلاف مقابلہ اگر تمام جہتوں سے کیا جائے۔
عسکری، معاشی، نظریاتی، تعلیمی اور سیاسی تو اس سے نہ صرف وہ گروہ جو تشدد کا راستہ اختیار کرتے ہیں ختم ہو سکتے ہیں، بلکہ اس کا اثر دیگر ریاست دشمن رجحانات پر بھی پڑے گا۔ دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے ہمیں اپنے گھروں اور معاشروں کو پہلے محفوظ بنانا ہوگا۔ پاکستان کا مضبوط ہونا، معاشرتی انصاف کی بنیاد پر، ہی عالمی امن کی ضمانت ہے۔
امریکا کا فیصلہ ایک با معنی پیغام بھی دیتا ہے کہ دہشت گردی ایک ایسی وبا ہے جو صرف علاقائی یا مخصوص ریاستی مسئلے کا نام نہیں، بلکہ یہ بین الاقوامی سطح پر ایک مشترکہ جرم ہے۔ اس کا مقابلہ صرف اپنے عسکری یا سیاسی نقطہ نظر سے نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں اس جنگ میں علاقے کے امن، قانون کی حکمرانی، معاشرتی شمولیت اور بین الاقوامی اتحاد کو بطور اساسی اوزار اختیار کرنا ہوگا۔
بلاشبہ یہ فیصلہ پاکستان کی قربانیوں، عسکری و سیاسی جدوجہد اور مسلسل کوششوں کا اعتراف ہے۔ اب وقت ہے کہ پاکستان اس اعتراف کو عملی اقدامات میں ڈھالے۔ بلوچستان میں تعمیری ترقیاتی پروگرام، نوجوانوں کی شمولیت، سیاسی شفافیت، انسانی حقوق کی پاسداری اور بین الاقوامی تعاون کو بنیاد بنا کر اس تشدد آمیز تاریخ کو تبدیل کیا جائے۔ ایک ایسا پاکستان جس کا ہر حصہ امن، ترقی، انصاف اور شمولیت کا پیامبر ہو، ہی دنیا کو زیادہ محفوظ اور خوشحال بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ثالثی عدالت کی بین الاقوامی دہشت گردی کے پاکستان کے معاہدے کی اس معاہدے کہ بھارت یہ فیصلہ بھارت کے بلکہ اس ہے بلکہ کے خلاف کے لیے کو بھی
پڑھیں:
بی ایل اے بے نقاب: دہشت گردی اور مودی کی پشت پناہی کا گٹھ جوڑ
بی ایل اے بے نقاب: دہشت گردی اور مودی کی پشت پناہی کا گٹھ جوڑ WhatsAppFacebookTwitter 0 12 August, 2025 سب نیوز
تحریر: محمد محسن اقبال
امریکہ نے باضابطہ طور پر بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو، جو بلوچستان میں بدامنی اور دہشت گردی پھیلانے کے لیے بدنام ہے، ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ برسوں کے ایسے شواہد کے بعد سامنے آیا ہے جن سے ثابت ہوتا ہے کہ بی ایل اے نے نہ صرف معصوم پاکستانیوں کو خون میں نہلایا بلکہ پرتشدد کارروائیوں کے ذریعے خطے کو غیر مستحکم کیا اور پاکستان کی خودمختاری کے خلاف علیحدگی پسند منصوبوں کو آگے بڑھایا۔ اب یہ امر پوری طرح عیاں ہو چکا ہے کہ یہ سازشیں بھارت کی مودی سرکار کی خفیہ معاونت سے تیار کی گئیں، جو پاکستان کے خلاف طویل عرصے سے مذموم عزائم رکھتی ہے۔ یہ اعلان پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ایک بڑی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو اس موقف کو مزید مضبوط کرتا ہے کہ ظلم اور خونریزی کرنے والے بالآخر عالمی انصاف کے کٹہرے میں ضرور لائے جائیں گے۔
مودی حکومت نے طویل عرصے سے بی ایل اے کو مادی، افرادی اور نظریاتی مدد فراہم کی، تاکہ اسے ایک آلہ کار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے اندر لسانی تقسیم کو ہوا دے اور اندرونی کمزوری پیدا کی جا سکے۔ بھارت کی یہ منصوبہ بندی نہ تو نئی ہے اور نہ ہی پوشیدہ، بلکہ دہائیوں سے اس کے آثار واضح ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب نریندر مودی کو بھی، دہشت گرد گروہوں کی مستقل سرپرستی اور ریاستی دہشت گردی کے لیے، عالمی سطح پر ایک دہشت گرد قرار دیا جائے گا۔ مودی حکومت کا دامن نہ صرف مسلمانوں بلکہ بھارت کے اندر غیر مسلم اقلیتوں کے بے گناہ خون سے بھی تر ہے، جو نفرت، ظلم اور سیاسی تشدد کی سوچے سمجھے منصوبوں کے ذریعے بہایا گیا۔
بی ایل اے کے جرائم خود اس کے خلاف ثبوت ہیں۔ اس نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر کام کرنے والے چینی انجینئروں اور مزدوروں کو نشانہ بنایا، تاکہ پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے اہم ترقیاتی منصوبوں کو سبوتاژ کیا جا سکے۔ اس کی مثالوں میں 11 مئی 2019 کو گوادر کے پرل کانٹینینٹل ہوٹل پر حملہ، جس میں کئی جانیں ضائع ہوئیں، 29 جون 2020 کو کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملہ، جسے بہادری سے ناکام بنایا گیا، اور 23 نومبر 2018 کو کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملہ شامل ہیں۔ یہ گروہ بارہا سکیورٹی اہلکاروں، عام شہریوں اور معاشی ڈھانچے کو نشانہ بنا چکا ہے اور اکثر فخر سے ذمہ داری قبول بھی کرتا ہے۔ اس کے حربے جدید شورش پسندی کے خطرناک ترین نسخوں سے لیے گئے ہیں، جن میں گوریلا حملوں کو میڈیا پروپیگنڈے کے ساتھ جوڑ کر خوف اور عدم استحکام پیدا کیا جاتا ہے۔
سیاسی نعروں کے پیچھے چھپی حقیقت یہ ہے کہ بی ایل اے پاکستان کی ارضی سالمیت کے دشمن غیر ملکی طاقتوں کی کرائے کی فوج کے طور پر کام کرتی ہے۔ پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں کے جمع کردہ شواہد، جن کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق ہوئی، نے اسلحے، گولہ بارود اور مالی معاونت کے راستے بھارت تک پہنچائے ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں کے اعترافات نے سرحد پار تربیتی کیمپوں، محفوظ ٹھکانوں اور فنڈنگ کے ذرائع کو بے نقاب کیا۔ بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ”را” کا ان کارروائیوں سے بارہا تعلق سامنے آیا ہے، اور کمانڈر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اس مداخلت کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔
نریندر مودی کا ذاتی تعلق بھی دہشت گردی سے بھرپور ہے۔ بطور وزیراعلیٰ گجرات، اس کے دور میں بھارت کی تاریخ کے بدترین مسلم کش فسادات ہوئے، جن میں ہزاروں لوگ مارے گئے اور ریاستی سرپرستی کا رنگ نمایاں تھا۔ عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان مظالم کو ریاستی پشت پناہی کے ساتھ ہونے والے قتل عام قرار دیا۔ مزید برآں معتبر رپورٹس اور تحقیقات نے مودی اور اس کے حامیوں کو ایسے جھوٹے منصوبوں سے جوڑا جن کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا۔ 18 فروری 2007 کو سمجھوتہ ایکسپریس کو آگ لگانے کا واقعہ، جس میں درجنوں پاکستانی اور بھارتی مسافر جاں بحق ہوئے، اور 2008 کے ممبئی حملے، دونوں ہی ایسے واقعات ہیں جن پر ریاستی سازش کے شبہات آج تک موجود ہیں۔ مودی کی ان سرگرمیوں میں شمولیت اتنی واضح تھی کہ ایک وقت میں امریکہ نے اس کے داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
مودی کی سیاست کی فکری بنیادیں بھی کم خطرناک نہیں۔ بطور عمر بھر کے رکن، وہ راشٹریہ سویم سیوک سنگ (آر ایس ایس) کے ہندو بالادستی کے نظریے کا پیروکار ہے، جو کثیر المذہبی بھارت کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔ یہی نظریہ 1947 کی تقسیم کے خونریز واقعات، 6 دسمبر 1992 کو بابری مسجد کے انہدام، اور حالیہ دنوں میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر حملوں اور امتیازی قوانین کے پیچھے کارفرما ہے۔ یہی زہریلا نظریہ 1971 میں بھی عملی شکل میں سامنے آیا، جب بھارت نے کھلے عام مکتی باہنی کو اسلحہ اور مدد فراہم کی۔ ڈھاکا میں شیخ حسینہ واجد کے ساتھ کھڑے ہو کر مودی نے فخریہ اعتراف کیا کہ اس نے پاکستان کو توڑنے میں ان قوتوں کی مدد کی۔ یہ اقرار اس کے کردار اور نیت پر ایک مستقل فرد جرم ہے۔
جو لوگ نفرت، تقسیم اور خونریزی بوتے ہیں، ان کا انجام شاذونادر ہی ان کے شکار سے مختلف ہوتا ہے۔ شیخ حسینہ واجد، جس نے مودی سے اتحاد کر کے اور پاکستان دشمنی کو سیاسی سرمایہ بنایا، آج سیاسی زوال کا شکار ہے۔ تاریخ ہمیشہ ان کا احتساب کرتی ہے جو امن سے زیادہ ذاتی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں۔ وقت زیادہ دور نہیں جب مودی اور اس کی پروپیگنڈے، خوف اور خونریزی پر مبنی سیاسی مشینری بھی اسی انجام کو پہنچے گی۔
پاکستان، جو دو دہائیوں سے زائد عرصے سے عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے محاذ پر کھڑا ہے، نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ لاکھوں شہری اور فوجی شہید ہو کر ملکی خودمختاری اور خطے میں امن کے لیے جان قربان کر چکے ہیں۔ بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا پاکستان کے موقف کی دیر سے سہی مگر بڑی عالمی تائید ہے، جو اس بات کو تقویت دیتی ہے کہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف بھی بین الاقوامی کارروائی ہونی چاہیے، چاہے سرپرست کتنے ہی طاقتور کیوں نہ ہوں۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ محض عسکری مہم نہیں بلکہ یہ بیانیے کی جنگ اور سیاسی عزم کا امتحان بھی ہے۔ پاکستان کی استقامت، جو اپنے شہداء کے خون اور عوام کی یکجہتی سے مضبوط ہوئی ہے، نے بارہا دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ بی ایل اے اور اس کے غیر ملکی آقا مقامی مسائل کو بہانہ بنا کر اپنی سازشیں چلاتے رہے، مگر ان کا ایجنڈا بلوچ عوام کی بھلائی نہیں بلکہ غیر ملکی مفاد کے لیے کام کرنا ہے، یہ بات دنیا پر عیاں ہو چکی ہے۔
یہ حالیہ پیش رفت یاد دلاتی ہے کہ جب حقائق ناقابل تردید ہوں تو عالمی رائے عامہ بدلی جا سکتی ہے۔ یہ اس بات کی بھی دعوت ہے کہ ان عناصر کو مزید بے نقاب اور تنہا کیا جائے جو سیاست، لسانی حقوق یا مذہبی نظریات کے نام پر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تاریخ کے طویل سفر میں، سچ اور انصاف اگرچہ اکثر تاخیر سے آتے ہیں، مگر جھوٹ اور ظلم پر غالب آتے ہیں۔ بی ایل اے کو دہشت گرد قرار دینا ایک قدم ہے، مگر یہ اس نیٹ ورک کو توڑنے کی سمت میں نہایت اہم قدم ہے جو فریب، خونریزی اور غیر ملکی سرپرستی پر پلتا ہے۔
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
WhatsAppFacebookTwitter پچھلی خبرپاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا سردار ایاز صادق، جامعہ نعیمیہ اور حلقہ کی تبدیلی واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج آزادی کا مطلب کیا؟ — تجدیدِ عہد کا دن اوورسیز پاکستانی: قوم کے گمنام ہیرو اسلام میں عورت کا مقام- غلط فہمیوں کا ازالہ حقائق کی روشنی میں حرام جانوروں اور مردار مرغیوں کا گوشت بیچنے اور کھانے والے مسلمانCopyright © 2025, All Rights Reserved
رابطہ کریں ہمارے بارے ہماری ٹیم