پاکستان ایک روشن چراغ ہے جس کی لو سے دنیا چمک رہی ہے: مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 14th, August 2025 GMT
مریم نواز — فائل فوٹو
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ آج پاکستان اقوام عالم میں سر بلند ہے اور معاشی بلندیوں کی طرف گامزن ہے۔
انہوں نے یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسی بے مثال سر زمین عطا کرنے، آزاد سر زمین میں باوقار زندگی گزارنے کا موقع ملنے پر اللّٰہ کریم کا شکر بجا لاتے ہیں۔ الحمد للّٰہ رب العالمین، قوم کو 78واں یوم آزادی مبارک ہو۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بننے پر بے حد فخر ہے، شکر ادا کرتے ہیں۔ معرکہ حق میں کامیابی سے سرفراز ہونے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک روشن چراغ ہے جس کی لو سے دنیا چمک رہی ہے۔ پاکستان ہماری آن، بان، شان ہے، پاکستان کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یوم آزادی پر علامہ اقبال، قائداعظم اور ان کے رفقا کار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم آزادی کا دن مناتے ہوئے لاکھوں شہداء کو کیسے بھول سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر ہمیں بحیثیت پاکستانی اپنا احتساب کرنا ہوگا، پاکستان نے ہمیں عزت اور آزادی دی ہم نے ملک کو کیا دیا؟
ان کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ قوم جاگ رہی ہے، سرحدوں پر جوان جاگ رہے ہیں۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: مریم نواز یوم آزادی کہا کہ
پڑھیں:
اس بار 14 اگست کا دن شہداء کے نام ہے: مریم نواز
مریم نواز—تصویر بشکریہ سوشل میڈیالاہور میں جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر صوبائی و ضلعی اعلیٰ حکام بھی بڑی تعداد میں تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب میں طلباء کی جانب سے ملی نغموں کی گونج میں وطن سے محبت کا اظہار کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ہر سال اسی جوش و جذبے سے جشن آزادی مناتے ہیں، اس بار 14 اگست کا جوش و جذبہ ہی کچھ اور ہے، آج کا دن خصوصی طور پر شہداء کے نام ہے، پاکستان کے ان بیٹوں کے نام جنہوں نے اپنی جانوں سے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن ان ماؤں کے نام ہے جنہوں نے اپنی دعاؤں کے ساتھ اپنے بیٹوں کو سرحد کی حفاظت کے لیے بھیجا، آج کا دن ان بیواؤں کے نام ہے جنہوں نے اپنے سہاگ اپنے ملک کے لیے قربان کیے، آج کا دن ان بچوں کے نام ہے جنہوں نے اپنے باپ، اپنی چھاؤں کو اپنے وطن پر قربان کر دیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج کا دن افواجِ پاکستان کے نام ہے، جنہوں نے سینہ تان کر وطنِ عزیز کی حفاظت کی، افواجِ پاکستان کے تمام افسران، لیڈر شپ کو اور سپاہیوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتی ہوں، آج کے دن پاکستان کی سیاسی لیڈر شپ کے نام ہے، نواز شریف کےنام ہے، جنہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی ماؤں، بہنوں، بزرگوں، بیٹوں اور بیٹیوں کے نام ہے جنہوں نے ایک ہو کر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر جنگ لڑی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، فیلڈ مارشل کی لیڈر شپ میں پاکستان ایسی کامیابی سے ہم کنار ہوا کہ دنیا دیکھتی رہ گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایئر چیف کو بھی پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے، شاہینوں اور سپاہیوں نے ایک جان ہو کر سیسہ پلائی دیوار قائم کی اور تاریخی فتح دلوائی، دنیا جان گئی ہے کہ بنیان مرصوص کا مطلب کیا ہوتا ہے، سیسہ پلائی دیوار کا مطلب کیا ہوتا ہے، یہی جنگ پاکستانی قوم تقسیم ہو کر لڑتی تو قسم سے یہ جنگ ہم کبھی بھی نہ جیتتے۔
مریم نواز نے کہا کہ دنیا ابھی تک سوچ رہی ہے کہ یہ کیا ہو گیا کہ پاکستان نے رافیل طیارے مار گرائے، اب غربت، جہالت کے خلاف جنگ ہو گی، فتنے فساد کے خلاف جنگ ہو گی اور ہم ضرور جیتیں گے، پاکستان کو معاشی طور پر بھی مضبوط بنائیں گے، ملک کو غربت سے نکالنے کے لیے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گی۔
انہوں نے کہا کہ عزم کریں، ہم اپنے وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، نوجوانوں، مزدوروں، کسانوں، اساتذہ، طلبہ، سیاست دان سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کرخدمت کریں، ملک کی خدمت ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتی، عہدے تو بہت لوگوں کو ملتے ہیں، اگر نیت اچھی نہیں تو آپ بد نام ہو جاتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ غلطیاں انسان سے ہوتی ہیں، 2018ء میں ملک کی تنزلی شروع ہوئی تھی، یہ مٹی زرخیز ہے، تھوڑا سا پانی اور محنت مانگتی ہے، ہم نے اپنے سے چار سے پانچ گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا دی۔
مریم نواز نے کہا کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے جذبے اور عقیدت سے 14 اگست کی تقریبات منعقد کی اور سجایا ہے ان کو شاباش دیتی ہوں، اللّٰہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے۔
دوسری جانب لاہور میں جشنِ آزادی کی دیگر تقریبات میں خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شہرِ لاہور کی فضائیں قومی پرچموں اور چراغاں سے جگمگا اٹھیں، آزادی کے نغمے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے شہر گونج اٹھا، جشن آزادی کے موقع پر لاہور کے عوام کا جوش و جذبہ قابلِ دید تھا۔