مریم نواز کا دورہ ملتان کے دوران دکانیں بند کروانے کا سخت نوٹس، رپورٹ طلب کرلی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, September 2025 GMT
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے دورہ ملتان کے موقع پر دکانیں بند کروانے کی خبروں کا نوٹس لے لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ ملتان کے موقع پر پولیس کی جانب سے دکانیں بند کروائی گئیں تھیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے دکانیں بند کروانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میرے دورے میں کسی کو تکلیف ہو، مجھے گوارا نہیں ہے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہیڈ محمد والا بریچنگ پوائنٹ کا دورہ کیا جہاں اراکین پارلیمنٹ نے ملتان شہرکو بچانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ سیلابی ریلے میں پھنسے ہوئے خاندان کو کنارے سے خود ریسیو کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے متاثرہ خاندانوں کا اظہار تشکر، جان بچ جانے پر اللہ کا شکر ادا کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ سیلاب میں پھنسے اپنے بہن بھائیوں کا دکھ درد بانٹنے آئی ہوں، مجھے خوشی ہے کہ آپ اور آپ کے مال مویشیوں خیریت سے باہر آگئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تھرمل امیجنگ ڈرون کی مدد سے متاثرین کی نشاندہی کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا، حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ تھرمل امیجنگ کیمرہ آٹھ کلو میٹر تک مسلسل 45 منٹ تک پرواز کر سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی پی ڈی ایم اے کو مزید ڈیزاسٹر وین مہیا کرنے کی ہدایت بھی کی۔
کمشنر ملتان، عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر وسیم سندھو نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ ضلع ملتان تقریباً 150فٹ طویل ایریا براہ راست سیلابی پانی سے متاثر ہورہا ہے۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مریم نواز شریف دکانیں بند
پڑھیں:
ملتان یونیورسٹی اور لیجنڈ انسٹیٹیوٹ کے طلباء و اساتذہ کا ملتان گیریژن کا دورہ، شہداء کو خراجِ عقیدت اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا
ملتان(نیوز ڈیسک) ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور لیجنڈ انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے طلباء و اساتذہ نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران طلباء کو اسالٹ کورس، فائرنگ کے طریقہ کار اور جدید ٹینکوں کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر پاک فوج کے افسران نے طلباء کو ملکی دفاع، عسکری تربیت اور جدید جنگی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔
دورے کا مقصد سول و ملٹری تعلقات میں ہم آہنگی کو فروغ دینا اور نوجوان نسل کو وطن کے دفاع میں پاک فوج کے کردار سے روشناس کرانا تھا۔
طلباء و طالبات نے پاک فوج کی قربانیوں کو امن کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کے والدین قوم کے اصل محسن ہیں۔ ایک طالبہ نے کہا کہ وہ پاک فوج کی شکر گزار ہے جس کی بدولت آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔
دوسری طالبات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے جدید دفاعی آلات اور عملی مشقوں کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا اصل امتیاز اس کا اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور وطن سے بے لوث محبت ہے۔
اساتذہ نے بھی اس موقع پر کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوان ہر وقت ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں، قوم ان کے جذبۂ قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔