سرکاری اسکیم سے آپ مفت پلاٹ کیسے حاصل کرسکتے ہیں، جانئے طریقہ کار
اشاعت کی تاریخ: 7th, September 2025 GMT
تین مرلہ پلاٹ اسکیم 2025 کے لیے اہلیت کا طریقہ کار اور شرائط و ضوابط جاری کر دیے گئے ہیں، اسکیم کے تحت 2 ہزار پلاٹس الاٹ کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت کم آمدنی اور بے زمین خاندانوں کے لیے 3 مرلہ پلاٹ اسکیم 2025 کا آغاز کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد بے گھر افراد کو محفوظ رہائشی زمین مہیا کرنا اور سماجی فلاح کو فروغ دینا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں صوبے کے 19 اضلاع میں 23 سرکاری اسکیموں کے ذریعے 2 ہزار پلاٹس الاٹ کیے جائیں گے۔ یہ اسکیم صرف زمین کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ کمزور طبقے کو اپنے گھر تعمیر کرنے کا عملی موقع فراہم کرنے کا جامع اقدام ہے۔
درخواست دینے کا پورا عمل شفافیت اور آسانی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ای پورٹل (AZAG E-Portal) کے ذریعے مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا گیا ہے۔
اہلیت کے لیے شرط ہے کہ درخواست دہندہ پنجاب کا مستقل رہائشی اور قومی شناختی کارڈ کا حامل ہو۔ وہ صرف اپنے ضلع میں درخواست دے سکے گا۔ درخواست دہندہ یا اس کے اہل خانہ (بیوی یا بچے) کی ملک بھر میں کوئی جائیداد نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ کسی قسم کا کریمنل ریکارڈ، قانونی تنازع یا بینک ڈیفالٹ نہیں ہونا چاہیے۔ فراہم کردہ تمام معلومات درست اور حقیقی ہونی چاہئیں، ورنہ درخواست مسترد کر دی جائے گی۔
اسکیم کے تحت پلاٹ پر چھ ماہ کے اندر تعمیر کا آغاز اور دو سال کے اندر تعمیر مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ پلاٹ کو پانچ سال تک نہ تو فروخت کیا جا سکے گا، نہ ٹرانسفر اور نہ ہی لیز پر دیا جا سکے گا۔ زمین صرف رہائشی مقاصد کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔ شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں پلاٹ بغیر معاوضے کے منسوخ کر کے واپس لے لیا جائے گا۔ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی اس حوالے سے معائنہ کرے گی اور شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹی قائم کرے گی۔
درخواست دینے کے لیے اہل امیدواروں کو سرکاری AZAG ای پورٹل پر رجسٹریشن کر کے فارم بھرنا ہوگا۔ ساتھ ہی شناختی کارڈ، آمدنی کا ثبوت اور جائیداد نہ ہونے کا حلفیہ بیان اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد اہل امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔
یہ اسکیم پنجاب حکومت کے اس عزم کی عکاس ہے کہ کمزور طبقات کو نہ صرف چھت فراہم کی جائے بلکہ ان کے معیارِ زندگی میں بہتری اور سماجی انصاف کو بھی یقینی بنایا جائے۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: کے لیے
پڑھیں:
پنجاب میں اسموگ، اسکولوں کے صبح 8 بج کر 45 منٹ سے پہلے کھلنے پرپابندی عائد
محکمہ ماحولیات پنجاب نے اسموگ کے باعث سرکاری و نجی اسکولوں کے صبح 8 بج کر 45 منٹ سے پہلے کھلنے پرپابندی لگا دی۔محکمہ ماحولیات پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں خطرناک حدتک بڑھتی اسموگ کے باعث پنجاب بھر کے سرکاری ونجی اسکول صبح 8:45 سے پہلےنہیں کھلیں گے۔ اعلامیے کے مطابق کالجز اور اسپیشل ایجوکیشن سینٹرزبھی صبح 8:45 بجے سے پہلےنہیں کھلیں گے، یہ حکم نامہ 3 نومبر سے 31 جنوری 2026 تک نافذ رہے گا۔ خلاف ورزی کرنےوالے اسکول پرپہلی بار ایک لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا، دوبارہ خلاف ورزی پر 6 لاکھ سے 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامدشیخ کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کےلیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔