فیصل آباد میں 320 ملی میٹر بارش، واسا کی تاریخ کا ریکارڈ ٹوٹ گیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, September 2025 GMT
فیصل آباد:
فیصل آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ توڑ 320 ملی میٹر بارش ہوئی، جس نے واسا فیصل آباد کی تاریخ کے تمام سابقہ ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
واسا کے مینجنگ ڈائریکٹر سہیل قادر چیمہ کے مطابق بارش کا سلسلہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے جاری رہا۔
شدید بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہوئی، تاہم واسا نے فوری نکاسی آب کے لیے خصوصی اقدامات کیے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق، تمام ڈی واٹرنگ سیٹس اور سکر مشینیں مکمل طور پر آپریشنل ہیں، اور افسران و عملہ فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔
شہری علاقوں، خاص طور پر مرکزی چوراہوں اور مین شاہراہوں سے پانی کی نکاسی مکمل کر دی گئی ہے۔
سہیل قادر چیمہ نے کہا کہ واسا کی ٹیمیں تیز رفتار اور معیاری سروسز فراہم کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جا رہا ہے اور واسا کی ہیلپ لائن اور فیلڈ ٹیمز ہر وقت الرٹ پر ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں صبح سویرے ہلکی بارش، آج سے 19 ستمبر تک مختلف شہروں میں تیز بارش کا امکان
کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش ہوئی ہے، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، گارڈن میں رم جھم کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے آج سے 19 ستمبر تک ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا،کشمیر ، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پنجاب میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ر ہنے کا امکان ہے تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے خدشے پر الرٹ جاری کر دیا۔