وزیراعظم کا سعودی عرب کے ساتھ دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ
اشاعت کی تاریخ: 22nd, September 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سعودی عرب کے ساتھ دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دین اسلام ، تاریخ، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر استوار تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور اپنے عزیز سعودی بھائیوں اور بہنوں کو سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر نہایت گرم جوشی کے ساتھ مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
(جاری ہے)
انہوں نے ریاض کے حالیہ تاریخی دورے کے دوران انہیں اور پاکستانی وفد کو ملنے والے والہانہ استقبال اور محبت سے بھرپور مہمان نوازی کو اپنے لیے انتہائی خوشی اور افتخار کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کا ایک بار پھر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام بھی میرے ساتھ شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ہمارا دورہ بے مثال محبت اور یادگار لمحات سے بھرپور رہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات دین اسلام، تاریخ، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں جو ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے، ہم اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر سعودی عرب کے عظیم الشان ترقیاتی سفر پر فخر کرتے ہیں جو شہزادہ محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سعودی عرب عالمی برادری میں جس بلند مقام پر فائز ہے وہ اس بصیرت اور دانشمندی کی روشن مثال ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مئی 2025ئ میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت اور عوام کی طرف سے اظہار یکجہتی کو پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، پاکستانی عوام سعودی عرب کے معاشی تعاون کو بھی فراموش نہیں کر سکتے جس کی وجہ سے ہماری معیشت کو سہارا ملا۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتیہیں اور وہاں کی تعمیر و ترقی میں سرگرم عمل ہیں، پاکستانی برادری کی سعودی عرب میں خدمات دونوں برادر ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات، خوشحالی اور ترقی کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے قومی دن کے پر مسرت موقع پر میں پاکستان کی جانب سے یہ عزم دہراتا ہوں کہ ہم اس دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مملکت سعودی عرب کو ہمیشہ ترقی اور عظمت سے نوازے۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے کہ پاکستان کرتے ہیں کے ساتھ
پڑھیں:
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا تاریخی معاہدہ گیم چینجر ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر
اس تاریخی معاہدہ پر اظہار تشکر کے دن پر اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ محض دو ملکوں کی سفارتی تاریخ نہیں یہ دو دلوں کی دھڑکن ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی تعاون کا تاریخی معاہدہ ایک گیم چینجر معاہدہ ہے۔ اس تاریخی معاہدہ پر اظہار تشکر کے دن پر اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ محض دو ملکوں کی سفارتی تاریخ نہیں یہ دو دلوں کی دھڑکن ہے، یہ ایک ایسی صدا ہے جو حرم کے میناروں سے بلند ہوتی ہے اور مینار پاکستان کی فضاؤں میں گونجتی ہے، یہ خطے میں ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ہماری سیاسی اور عسکری قیادت کی دور اندیشی کا ثبوت ہے جس نے بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ پر کاری ضرب لگائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ سعادت مسلح افواج پاکستان کو عطا کی ہے کہ پاک فوج حرمین شریفین کی حفاظت کی قومی اور دینی ذمہ داری کے فرائض انجام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان نے معرکہ حق میں تاریخی فتح حاصل کی جس میں پاکستان کی بری، بحری اور فضائی فوج نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، یہی وجہ ہے کہ دنیا پاک فوج کی پروفیشنل صلاحیتوں کو تسلیم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عسکری محاذ کے ساتھ ساتھ سفارتی میدان میں بھی کامیابیوں حاصل کیں اور یہ تاریخی معاہدہ ام الفتح ہے جس سے خطہ امن و سلامتی کا مرکز بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی معاہدہ کی خوشی میں آج پورے آزاد کشمیر میں یوم تشکر منایا گیا اور دونوں برادر ملکوں کی ترقی اور سلامتی کیلیے دعائیں کی گئیں۔