امریکی غلامی قبول نہیں، حکومت دو ریاستی حل کی رٹ چھوڑ دے: حافظ نعیم، لاہور میں غزہ ملین مارچ
اشاعت کی تاریخ: 5th, October 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت دوریاستی حل کی رَٹ لگانا چھوڑ دے، قوم اسرائیل کو تسلیم کرنے یا ابراہم اکارڈ کی جانب پیش قدمی کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دے گی۔ حماس نے ٹرمپ منصوبہ پر مشروط آمادگی کا اظہار کرکے دانشمندی کا ثبوت دیا، حماس مزاحمت کا استعارہ، اس کے مخالف سامراج کے آلہ کار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں وحدت روڈ پر غزہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواتین، بچوں، بزرگوں سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، ڈاکٹر حمیرہ طارق، امیر لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، ڈپٹی سیکرٹری اظہر اقبال حسن، اظہر بلال اور دیگر رہنماؤں نے بھی ملین مارچ کے شرکاء سے خطاب کیا۔ حافظ ادریس نے دعا سے مارچ کا اختتام کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری عثمان فاروق، سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی، حلقہ خواتین اور اسلامی جمعیت طلبہ کی قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ امیر جماعت اسلامی نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر پرائم منسٹر آپ غلط ٹریک پر چل رہے ہیں۔ امریکہ زوال پذیر قوت ہے، دنیا میں طاقت کے مراکز تبدیل ہو رہے ہیں اور آپ ٹرمپ کی خوشامد میں مصروف اسے نوبل انعام کے لیے نامزد کر چکے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ سینیٹر مشتاق سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے تمام گرفتار امدادی کارکنوں کی رہائی کے لیے فوری کوششیں کرے۔ امیرجماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ اتوار 5 اکتوبر کو کراچی میں اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ملین مارچ ہو گا۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ 7 اکتوبر کو گیارہ بجے دن گھروں سے نکل کر ’’فری فلسطین‘‘ تحریک کے حق میں آواز بلند کریں۔ انہوں نے اکیس بائیس تئیس نومبر کو مینار پاکستان تلے ہونے والے اجتماع عام میں عوام کو شرکت کی دعوت دی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ ’’نظام بدل دو‘‘ نعرہ کے تحت ہونے والا تاریخ ساز اجتماع ملک، سیاست اور نظام میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا اور نئی صبح کا آغاز ہو گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ملین مارچ
پڑھیں:
مون سون کا طاقتورسپیل ، جھل تھل ایک ہوگیا،2 وکلاء کے چیمبر گرگئے
لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونےوالی مون سون کی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔لاہور میں مون سون کا سپیل زور شور سے جاری ہے اورعلی الصبح سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔واسا لاہور کی جانب سے اب تک ہونے والی بارش کا ریکارڈ جاری کردیاگیاہے جس کے مطابق جیل روڈمیں 28.5، ایئرپورٹ میں 263، ہیڈ آفس گلبرگ میں 52، لکشمی چوک میں 25، اپر مال کے علاقے میں 114.4، مغلپورہ میں 129، تاجپورہ میں 155، نشتر ٹاؤن میں 56.4، چوک ناخدا میں 62، پانی والا تالاب میں 27.2، فرخ آباد میں 23.4، گلشن راوی میں 18، اقبال ٹاؤن میں 54.2، سمن آبادمیں 32، جوہر ٹاؤن میں 81، ڈیفنس روڈ میں 45، شادی پورہ میں 132.4 ، سگیاں میں 22.2اور مناواں میں 106 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ائیر پورٹ پر ریکارڈ کی گئی ہے ۔لاہور میں ہونےوالی موسلادھار بارش سےسیشن کورٹ میں سینئر قانون دان پیر مسعود چشتی سمیت2 وکلاء کے چیمبر گرگئے،پیر مسعود چشتی کا چیمبر کافی عرصے سے خالی پڑاتھا،چیمبر کی چھت بارش کے پانی کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اورگرگئی،شدید بارش کی وجہ سے ماتحت عدالتوں میں سائلین نہ پہنچ سکے۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے پولیس کو حادثات اور ناگہانی صورتحال میں امدادی سرگرمیوں میں شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس افسران اور اہلکار بارش سے متاثرہ علاقوں میں انتہائی مستعد ہو کر ڈیوٹی انجام دیں،سپروائزری پولیس افسران بارش زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں خود مانیٹر کریں، بارش کے مزید امکانات کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار الرٹ رہیں،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں۔ملک کے دوسرے حصوں کی طرح ضلع خیبر کے باڑہ اور جمرود کے علاؤہ وادی تیراہ کے پہاڑوں پر بھی ہونے والی بارش سے موسم خوشگوارہوگیا لیکن ندی نالوں میں طغیانی اور دریائے باڑہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے ،جولائی کے مہینے میں دسمبر جیسے سردی محسوس کی جارہی ہے،پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے،ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کی جانب سے حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ ندی نالوں کے قریب جانے پر پابندی کی خلاف ورزی پر دوافرادکو گرفتار بھی کرلیاگیاہے۔