اسلام آباد، سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد اپلوڈ کرکے میاں بیوی کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 30th, October 2025 GMT
اسلام آباد:
نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی اسلام آباد نے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرکے فیملی کو ہراساں اور بلیک میل کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے پیکا ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
حکام کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے ملزم نے متاثرہ شہری اور اس کی اہلیہ کی ذاتی تصاویر غیر قانونی طور پر حاصل کر کے سوشل میڈیا پر پھیلائیں اور فیس بک گروپس میں تصاویر کے ساتھ نازیبا اور فحش تبصرے پوسٹ کیے اور اس کے لیے ملزم نے فیس بک اکاؤنٹ استعمال کیا۔
انکوائری میں انکشاف ہوا کہ ملزم “Capablelynx6329” کے نام سے ان گروپس میں بطور اجنبی ممبر سرگرم تھا، جس کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں چھاپہ مارکر گرفتار کیا گیا اور پیکا ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیاگیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ملزم سے ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے اور تفتیش کے دوران مزید انکشافات متوقع ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور میں کم عمر ملازم کو جلانے والا ورکشاپ مالک گرفتار
گلبرگ ماڈل کالونی میں ورکشاپ مالک نے مبینہ طور پر 12 سالہ ورکشاپ ملازم کو آگ لگا دی جس کے باعث فیضان بری طرح جھلس گیا۔ تفصیلات کے مطابق فوری طبی امداد کے لیے زخمی بچے فیضان کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے نوٹس لینے پر ایس ایچ او گلبرگ تیمور عباس خان نے فرار ہونے والے ملزم بابر کو جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ زخمی بچے کے والد شاہ محمد کی مدعیت میں ملزم بابر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ گلبرگ پولیس کے مطابق 12 سالہ فیضان ماڈل کالونی گلبرگ میں ایک ورکشاپ پر کام کرتا ہے، گاڑی کے کاربوریٹر میں موجود پیٹرول اس پر گر گیا جس سے اس کے کپڑے گیلے ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزم بابر کو بتایا تو ملزم بابر نے ماچس کی تیلی جلا کر فیضان پر پھینک دی، جس سے فیضان کو بری طرح آگ لگ گئی اور اس کا جسم جھلس گیا۔ ایس ایچ او گلبرگ تیمور عباس خان کا کہنا ہے کہ ملزم بابر کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔