27ویں آئینی ترمیم میں پی ٹی آئی نے مدد کی، سینیٹر فیصل واوڈا
اشاعت کی تاریخ: 10th, November 2025 GMT
سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری میں تحریک انصاف نے مدد کی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ اللہ کی مہربانی سے ستائیسویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور ہو چکی ہے، اس ترمیم میں اپوزیشن کا ایک بھی وووٹ نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ (پی ٹی آئی) والے قوم کو گمراہ کرتے ہیں کہ ہم اپوزیشن کر رہے ہیں جبکہ اس ترمیم کے لیے مدد بھی پی ٹی آئی نے کی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ کسی بھی جماعت نے آئین کے آرٹیکل 243 میں ترمیم پر کوئی اعتراض نہیں کیا کیونکہ یہ پاکستان کی سلامتی کے لیے تھی۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ چیئرمین سینٹ نے 59 بار پی ٹی آئی کو تجاویز کیلیے بلایا مگر یہ نہیں آئے اور اب ڈرامے بازی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے سینیٹ سے 27ویں آئینی ترمیم کو دو تہائی اکثریت کے ساتھ کامیاب کروایا ہے، پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور جے یو آئی کے رکن نے بھی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فیصل واوڈا نے پی ٹی ا ئی نے کہا کہ
پڑھیں:
27ویں ترمیم پاس ہوگئی، 28 ویں ترمیم کی تیاری کریں، فیصل واوڈا
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ستائیسویں ترمیم پاس ہو گئی، اٹھائیسویں ترمیم کی تیاری کریں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ستائیسویں ترمیم پاس ہوگئی ہے، وزیر اعظم نے زبردست کام کیا ہے، میں ان کی قدر کرتا ہوں، وزیراعظم نے جمہوری روایت کے تحت ایک انتہائی اچھا اقدام کیا ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ خیبر پختونخوا کے نام کی تبدیلی کے حوالے سے پیش کی جانے والی ترمیم کے بارے میں کیا کہیں گے؟ فیصل واوڈا نے جواب دیا کہ ایمل ولی میرا دوست ہے، جیسا کہیں گے کر دے گا۔
صحافی نے سوال کیا کہ مولانا صاحب کو راضی کر لیں گے؟ فیصل واوڈا نے جواب دیا کہ مولانا ہمارے بڑے ہیں ہم ان سے سیاست سیکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب اس ترمیم میں دم نہیں رہا، اٹھائیسویں ترمیم کی تیاری کریں، ستائیسویں آئینی ترمیم سے جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے، یہ ہمارے ملک کی ضرورت ہے۔ اس سے ہمارا دفاع مضبوط ہو گا۔