پی ایس ایل اور آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی فاتح ٹیموں میں نمائشی میچ کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 13th, December 2025 GMT
آئی ایل ٹی ٹوئںٹی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں سے خاص لگاؤ ہے، مستقبل میں مزید پاکستانیوں کو لیگ میں کھیلتے دیکھنا چاہتا ہوں۔
دبئی میں نمائندہ ’ایکسپریس‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ رواں سیزن میں فخر زمان، حسن نواز اور نسیم شاہ ہماری لیگ کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم سمیت کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کو منتخب کرنے کا اختیار فرنچائزز کو ہوتا ہے، تاہم ذاتی طور پر مجھے پاکستانی کرکٹرز سے خاص لگاؤ ہے۔
پی ایس ایل اور آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی فاتح ٹیموں کے درمیان ممکنہ نمائشی میچ کے حوالے سے ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ کرکٹ میں سب کچھ ممکن ہے، دونوں لیگز کی فاتح ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک شاندار اور منفرد تجربہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی انتظامیہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ قریبی روابط رکھتی ہے اور پی ایس ایل کو دنیا کی بہترین لیگز میں شمار کیا جاتا ہے، اس لیے مستقبل میں کسی بڑے منصوبے کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا۔
ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی اپنے چوتھے سیزن میں داخل ہو کر عالمی کرکٹ کے نقشے پر مضبوط، مستحکم اور باوقار شناخت قائم کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کا معیار، مقابلہ اور شائقین کی دلچسپی گزشتہ تمام سیزنز کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر ہے، کرکٹ کا معیار نہایت بلند، میچز شاندار اور کھلاڑی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی نے سعودی عرب اور کویت کرکٹ کے ساتھ باقاعدہ شراکت داری قائم کر لی ہے۔ اس معاہدے کے تحت ان ممالک میں ہائی پرفارمنس کرکٹ اور انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے میں تعاون کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب اور کویت کے کھلاڑی اب آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی نیلامی میں شامل ہو رہے ہیں اور بعض تو ٹیموں کا حصہ بھی بن چکے ہیں۔ مستقبل قریب میں ان ممالک میں بھی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میچز کروانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ڈیوڈ وائٹ نے مزید کہا کہ یو اے ای کی ٹیم کا ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کرنا اور اب بھارت و سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جگہ بنانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی نے مقامی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی کرکٹ سے روشناس کرایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس لیگ کے ذریعے یو اے ای کے نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا کے بہترین کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے، جدید کوچنگ حاصل کرنے اور عالمی تجربات حاصل کرنے کا موقع مل رہا ہے، مستقبل میں ہم چاہتے ہیں کہ اماراتی کھلاڑی بھی بڑی سطح پر اس لیگ کا حصہ بنیں۔
ڈیوڈ وائٹ نے مستقبل میں ویمنز لیگ کے انعقاد کی بھی نوید سنا دی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی انہوں نے
پڑھیں:
غیر ملکی کھلاڑیوں کی ترجیح آئی پی ایل کی بجائے پی ایس ایل کیوں؟ انگلش کرکٹر ڈیوڈ ولے نے وجہ بتادی
غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) کے بجائے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کو ترجیح دینے سے پی ایس ایل کی مانگ میں مزید اضافہ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انگلینڈ کے کرکٹر ڈیوڈ ولے نے آئی پی ایل کی نسبت پی ایس ایل کی سکیورٹی کو بہترین قرار دیا۔
ڈیوڈ ولے نے کہا کہ آئی پی ایل کی آکشن کیسی ہوگی، یہ نہیں پتہ چلتا تاہم کھلاڑیوں کے لیے پی ایس ایل میں زیادہ سکیورٹی اور کھیلنے کی یقین دہانی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی اپنی صورتحال ہوتی ہے، کچھ کو لگتا ہے کہ انہیں پی ایس ایل میں زیادہ کھیلنے کے مواقع ملیں گے بجائے اس کے کہ 10 یا 11 ہفتے تک ڈگ آؤٹ میں بینچ پر بیٹھا جائے۔
واضح رہے کہ فاف ڈو پلیسی اور معین علی آئی پی ایل چھوڑ کر پی ایس ایل کھیلنے کا اعلان کرچکے ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے بھی رواں سال آئی پی ایل نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد میکسویل کی بھی پی ایس ایل کھیلنے کے حوالے سے خبریں گردش کررہی ہیں۔