بلوچستان: سنجدی میں کوئلے کی کان میں دھماکا، 12 کانکن پھنس گئے
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2025 GMT
بلوچستان کے علاقے سنجدی میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 12 کانکن کان کے اندر پھنس گئے ہیں۔ یہ واقعہ جمعرات کی رات پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی ایم اے اور مائنز ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تاہم اب تک 14 گھنٹے گزرنے کے باوجود کان سے کانکنوں کو نکالا نہیں جا سکا۔ دورانِ ریسکیو، گیس کے اخراج کے باعث 2 ریسکیو اہلکار بے ہوش ہو گئے۔
چیف انسپکٹر مائنز کے مطابق دھماکا گیس بھرنے کی وجہ سے ہوا، جس سے کان کا راستہ مکمل طور پر بند ہو گیا تھا، تاہم کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد اسے جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ریسکیو نے بتایا کہ کانکن تقریباً 4200 فٹ کی گہرائی میں موجود ہیں اور کان کے اندر بجلی کی کٹ چکی کیبلز دوبارہ بچھائی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کوئلے کی کانوں میں حادثات کوئی نیا واقعہ نہیں، اس سے پہلے بھی کئی دھماکوں میں متعدد کانکن جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکا، اہلکار جاں بحق ،2 زخمی
مال خانے میں شارٹ سرکٹ سے دھماکا ، اطراف کا علاقہ سیل کر دیا گیا
 دھماکے سے عمارت کے ایک حصے کو نقصان پہنچا، واقعہ کی تحقیقات جاری
پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر(سی سی پی او)میاں سعید نے کہا کہ تھانے پر حملے کے شواہد نہیں ملے، اطراف کا علاقہ سیل کر دیا گیا ہے، ابتدائی طور پر لگ رہا ہے کہ مال خانے میں شارٹ سرکٹ سے دھماکا ہوا ، دھماکے سے بلڈنگ کا ایک حصہ منہدم ہو گیا ۔سی سی پی او کے مطابق ایک سی ٹی ڈی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے ہیں،زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ، ابتدائی اطلاعات کے مطابق فی الحال تھانے پر حملے کے شواہد نہیں ملے۔دوسری جانب سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)آپریشنز نے بتایا کہ تھانہ سی ٹی ڈی اور اطراف کے علاقوں کو سیل کرکے نفری تعینات کی گئی ، دھماکے سے عمارت کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے۔