گورنر سندھ مغوی بچے صارم کے گھر پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
کراچی:
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نارتھ کراچی سے پُراسرار طور پر اغوا ہونے والے بچے صارم کی رہائش گاہ ناتھ کراچی، 5 کے، بیت النعم اپارٹمنٹ پہنچ گئے۔
گورنر سندھ نے مغوی بچے کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں بچے کی بحفاظت بازیابی کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ مغوی صارم کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں، جبکہ متعلقہ پولیس حکام نے گورنر سندھ کو کیس کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔
واضح رہے کہ صارم 7 جنوری کو اپنے ہی فلیٹ سے اغوا ہوا تھا، جبکہ اغوا کاروں کی جانب سے صارم کی والدہ کو تاوان کا واٹس ایپ پیغام انٹرنیشنل نمبر سے بھیجا گیا تھا۔
صارم کے والد محسن پرویز کے مطابق واٹس ایپ پیغام میں اغواکاروں کی جانب سے 5 لاکھ روپے نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
والد کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ پیغام میں تاوان کی رقم بھیجنے کے لیے بین الاقوامی بینک اکاؤنٹ کا نمبر بھی دیا گیا تھا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: گورنر سندھ
پڑھیں:
کراچی کی 8 انسداد دہشتگردی کی عدالتیں منشیات کی عدالتوں میں تبدیل
کراچی:صوبائی انسداد منشیات قانون کے تحت خصوصی عدالتوں کی تشکیل میں اہم پیش رفت، سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کی 8 انسداد دہشتگردی کی عدالتیں منشیات کی عدالتوں میں تبدیل کردیں۔
ملزم ارمغان کا ریمانڈ نا دینے والے اے ٹی سی کورٹ نمبر ایک کے جج ذاکر حسین کو انسداد منشیات کورٹ کا جج مقرر کردیا گیا۔ کراچی کی 6 انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالتیں کافی عرصے سے خالی پڑی تھیں جس میں سے 5 انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کو انسداد منشیات میں تبدیل کردیا گیا۔
کراچی کی 3 انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کو شہید بے نظیر آباد، میرپورخاص اور لاڑکانہ منتقل کرنے جبکہ حیدرآباد اور سکھر میں موجود خصوصی عدالتوں کو منشیات کی عدالتوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھ دیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے انسداد دہشتگردی کراچی کی 12 خصوصی عدالتوں کو ازسرنو منظم کردیا۔ قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے وقتی طور پر انسداد دہشتگردی عدالتیں منظم کرنے اور منشیات کی عدالتوں میں تبدیل کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ حتمی نوٹیفیکیشن محکمہ داخلہ جاری کرے گا۔