الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے لیے بجلی کی قیمت میں 45 فیصد کمی کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ چارجنگ سٹیشنز کے لیے بجلی کے ٹیرف میں 45 فیصد کمی کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد الیکٹرک گاڑیوں کی عوام تک رسائی کو مزید آسان بنانا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اویس لغاری نے بتایا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور 2023 کے جولائی سے نومبر کے دوران گردشی قرضوں میں کمی دیکھنے کو ملی۔ اس عرصے میں تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے 223 ارب روپے کا نقصان کیا، لیکن 2024 میں اس نقصان کو 170 ارب روپے تک محدود رکھنے میں کامیابی حاصل کی گئی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے تمام صنعتی زونز کو مساوی بنیادوں پر بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے صنعتی ترقی میں بہتری آئے گی۔
اویس لغاری نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے حوالے سے اعلان کیا کہ چارجنگ اسٹیشنز کا ٹیرف 71 روپے 10 پیسے سے کم کر کے 39 روپے 70 پیسے فی یونٹ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چارجنگ اسٹیشنز کا این او سی 15 دنوں کے اندر جاری کیا جائے گا، اور ہر محلے میں چارجنگ اسٹیشنز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کاروبار کو شروع کرنے کے لیے 18 لاکھ سے لے کر ڈیڑھ کروڑ روپے تک کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہو گی۔
وفاقی وزیر توانائی نے اس فیصلے کو بین الاقوامی سطح پر ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ماحول دوست توانائی کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کے لیے ایک بڑا موقع ہے، خاص طور پر موٹرسائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی کی چھوٹی گاڑیوں کے متبادل کے طور پر۔ اویس لغاری نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پاکستان جلد ہی خطے میں سستی ترین بجلی فراہم کرنے والے ممالک میں شامل ہو گا
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا
حکومت نے آئندہ 15 روز کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے آئندہ پندہ روز کیلیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت برقرار رکھنے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نئی قیمتوں کے نوٹی فکیشن کے مطابق آئندہ 15 روز کیلیے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 78 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
حالیہ اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 272 روپے 77 پیسے پر پہنچ گئی۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 264روپے 61 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے یکم اکتوبر تک ہوگا۔