میرا جینا مرنا یہاں کے عوام کے ساتھ ہے،ہیرسوہو
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
سجاول(رپورٹ:حفیظ الرحمن میمن رحمانی) سندھ اسمبلی کی ممبر ہیر سوہو کا سندھ حکومت کی ترجمان مقرری کے بعد پہلی بار اپنے آبائی شہر پہنچنے پر اصفر سوہو پیٹرول پمپ پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، کارکنان، مقامی معززین اور عوام کی بڑی تعداد نے جئے بھٹو کے زرودار نعروں کی گونج میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جبکہ سندھ کے روایتی تحائف لنگی اور اجرک کے تحائف پیش کرتے ہوئے پرتپاک استقبال کیا اور مبارکباد دی۔ ترجمان سندھ حکومت ہیر سوہو کو ایک شاندار ریلی کی صورت میں سوہو ہاؤس میرپور بٹھورو پہنچایا گیا، جہاں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا جینا مرنا یہاں کے عوام کے ساتھ ہے، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا ضلع سجاول پسماندہ اور بہت سے مسائل کا شکار ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت، ضلعی انتظامیہ اور عوام کے ساتھ ملکر سندھ بھر کی طرح میرپور بٹھورو شہر سمیت ضلع سجاول کو مثالی بنانے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائیں گے۔ ہیر سوہو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور قربانیاں دیکر عوام کی دلوں میں مقام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا کردار آج بھی امر ہے اور ان کے مزاروں پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ حاضری دیکر دعا مانگتے ہیں۔دوسری جانب ضیا اور مشرف کی آمریت کے مشکل ترین دور میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور عام عوام کی زندگیاں مشکل میں تھیں، ان کی قبروں پر کوئی قل پڑھنے کے لئے جانے کو بھی تیار نہیں۔ ترجمان سندھ حکومت ہیر سوہو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت صدر پاکستان آصف زرداری، چیئرمن بلاول زرداری، فریال تالپر اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی شکر گزار ہوں جنہوں نے یہ ذمے داری سونپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ذمے داری ایمانداری اور سچائی سے نبھانے کی کوشش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی ضلع سجاول کے صدر صوبائی وزیر لائیواسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی، ایم پی اے ریحانہ لغاری، چیئرمن ضلع کونسل دانش ملکانی اور دیگر تمام ورکرز کا ٹیم ورک قابل ستائش ہے، بھٹو کا نعرہ لگاتے رہیں گے، پی پی کا جھڈا لہراتا رہے گا۔قبل ازیں ترجمان حکومت سندھ ہیر سوہو کا سجاول شہر میں بھی پی پی رہنماؤں، کارکنان اور عوام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا اور مبارکباد دی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام کی
پڑھیں:
دہشتگردی میں بھارت کا کردار واضح، بلوچستان کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں میں بھارت کا کردار بالکل واضح ہے، جبکہ افغان عبوری حکومت دہشت گرد عناصر کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا جبکہ آبادی کے اعتبار سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے، تاہم ملکی استحکام، دفاع اور قومی یکجہتی میں اس کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی قیادت نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی اور قیامِ پاکستان میں بھی بلوچستان کے عوام نے تاریخی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور 90 ہزار سے زائد پاکستانی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ انہوں نے مستونگ میں سیشن جج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک وقت ایسا تھا جب ملک سے دہشت گردی کا تقریباً مکمل خاتمہ ہو چکا تھا، تاہم ایک منظم سازش کے تحت دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا۔ انہوں نے زور دیا کہ اس چیلنج کا مقابلہ پوری قوم کو متحد ہو کر کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کی عکاس ہیں۔ انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عسکری قیادت، بالخصوص فیلڈ مارشل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی برادری قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاق اور چاروں صوبوں کے باہمی تعاون سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور پاکستان کو معاشی ترقی، امن اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جائے گا۔