وزیراعظم شہباز شریف کا گوادر ائیرپورٹ کی فعالی پر اطمینان کا اظہار
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر ائیرپورٹ سے پروازوں کے آغاز پر گہری خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع کو پاکستان کی ترقی اور خطے میں مواصلاتی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج اللہ کے فضل سے گوادر کو وسطی اور مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ، اور خلیجی ممالک کے درمیان ایک اہم رابطہ بنانے کی جانب ایک اور قدم اٹھایا گیا ہے۔ گوادر ائیرپورٹ کی فعالی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی اور سی پیک کے ذریعے خطے کی خوشحالی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مددگار ہوگی۔
وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں سی پیک کے آغاز کو پاکستان اور خطے کی ترقی کے لیے ایک مشترکہ عزم کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت ہونے والے اہم منصوبے نواز شریف کے دور میں شروع ہوئے اور ان کے دوراندیش فیصلے آج ثمر دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے پاک چین دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ گوادر ائیرپورٹ اس مثالی تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا وہ بھائی ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، سیکیورٹی افسران، اہلکاروں، اور عسکری قیادت کی ائیرپورٹ کی تعمیر میں انتھک محنت کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گوادر ائیرپورٹ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی کا مرکز ثابت ہوگا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: گوادر ائیرپورٹ انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
وزیراعظم کی پی آئی اے نجکاری کا عمل شفاف اور سرمایہ کاروں کو اعتماد میں لینے کی ہدایت
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کا پوراعمل شفاف بنانے اور سرمایہ کاروں کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ہے۔
قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری پر جائزہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا، جس میں نیلامی کے طریقہ کار، درکار مدت اور نیلامی میں شرکت کے لیے شرائط سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری میں شفافیت کو کلیدی اہمیت دینے اور مجوزہ معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے روڈ شوز کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کو بھی مکمل اعتماد میں لینے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے اجلاس میں کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے طریقہ کار میں شفافیت کو مرکزی اہمیت دی جائے۔ شفافیت یقینی بنانے کے لیے پی آئی اے سمیت آئندہ تمام سرکاری کمپنیوں کی نجکاری براہ راست ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کی جائے۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ انویسٹر آؤٹ ریچ کے لیے کنسلٹنٹ کے ساتھ مل کر ایک جامع اسٹریٹجی بنائی گئی ہے اور اس پر مکمل عمل درآمد ہو رہا ہے۔
پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق اجلاس میں وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان، مشیران محمد علی، سید توقیر شاہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، نیشنل کوآرڈینیٹر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔