غیر قانونی ایکسچینج نیٹ ورک بے نقاب؛ کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی برآمد
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
کراچی:
ایف آئی اے نے غیر قانونی ایکسچینج نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جیولری کاروبار کی آڑ میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث منظم گینگ کو بے نقاب کردیا اور کھارادر گولڈ مارکیٹ میں واقع دکان پر چھاپا مار کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت بلال احمد کے نام سے ہوئی، جس سے 13000 امریکی ڈالر، 7000 یو اے ای درہم، 6000 سعودی ریال برآمد ہوئے۔ علاوہ ازیں ملزم سے 1000 کینڈین ڈالر، ایک کروڑ 2 لاکھ روپے بھی برآمد کرلیے گئے۔
ملزم سے موبائل فون اور دیگر غیر ملکی کرنسی ایکسچینج سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کرلیا گیا۔
خفیہ اطلاع پر چھاپا مار کارروائی ڈائریکٹر کراچی زون کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ اس دوران ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکا۔
حکام نے ملزم بلال احمد کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی؛ اسٹیل مل سے لوہا، تانبا و قیمتی سامان چوری کرنے والا ملزم گرفتار
کراچی:بن قاسم پولیس کی جانب سے اسٹیل مل سے لوہا، تانبا و قیمتی سامان چوری کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان ملیر پولیس کے مطابق بن قاسم پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ بن قاسم کی حدود سے لوہا و اسکریپ کی چوری میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت اسد علی کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے چوری شدہ لوہا اور اسکریپ برآمد ہوا۔ گرفتار ملزم چوری شدہ اسکریپ کو مختلف گوداموں میں فروخت کرتا تھا۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔