کراچی میں بچوں کو یونیفارم دلوانے کیلیے نکلنے والا تاجر دن دہاڑے قتل
اشاعت کی تاریخ: 27th, January 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے موسمیات کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے مچھلی کے بڑے تاجر کو دن دہاڑے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سچل کے علاقے موسمیات نبی ویو اپارٹمنٹ کے قریب مین روڈ پر ڈبل کیبن گاڑی سے اترنے والے شخص کو نامعلوم ملزم نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر موقع سے فرار ہوگیا۔
اس واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو مقتول کے ساتھ گتھم گتھا دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعے کے بعد مقتول کی لاش قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او سچل انسپکٹر اورنگ زیب خٹک نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 45 سالہ فرحان قاسم کھتری ولد نسیم قاسم کھتری کے نام سے ہوئی جو اسکیم 33 کیپٹیل سوسائٹی کا رہائشی اور 3 بچوں کا باپ تھا جس میں 2 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول مچھلی کا تاجر تھا جس کا فشری میں مچھلی کا بڑا کاروبار ہے، جس وقت واقعہ پیش آیا مقتول اپنے بچوں کے اسکول کا یونیفارم لینے کے لیے آیا تھا اور سڑک کے کنارے اپنی گاڑی روک کر باہر نکلا تھا۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی جسے دیکھ کر لگتا ہے کہ مقتول فرحان قاسم ملزم کو جانتا تھا اور جیسے ہی اسے دیکھا تو اسے لپک کر پکڑنے کی کوشش کی اور اس دوران ملزم نے فائرنگ کردی جبکہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس تمام پہلوؤں پر مزید تحقیقات کر رہی ہے اور جلد واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا جائیگا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: اسپتال کے اخراجات ادا کرنے کیلئے نومولود کو فروخت کر دیا گیا
—فائل فوٹوکراچی میں اسپتال کے اخراجات ادا کرنے کے لیے نوزائیدہ بچے کو فروخت کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ میمن گوٹھ میں واقع نجی اسپتال میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ نومولود کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔