حیدرآباد ،ڈی سی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر بلال احمد میمن کی زیر صدارت 3 سے 9 فروری کو آئندہ ہونے والی پولیو مہم کی تیاری اور گزشتہ دسمبر 2024 کی انسداد پولیو (ایس این آئی ڈیز) کا جائزہ اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ دسمبر 2024 کی گزشتہ مہم میں ڈویژن کے تمام ایس ایس پیز کے تعاون اور انسداد پولیو کے عملے کی جانب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے حیدرآباد ڈویژن کی کارکردگی فرسٹ نمبر پر رہی، تاہم آئندہ فروری میں ہونے والی انسداد پولیو مہم میں ہمیں مستقل مزاجی سے مزید انتھک محنت کرنا ہو گی تاکہ پولیو کے موذی مرض کا 100 فیصد خاتمہ کیا جا سکے۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ لعل شہباز قلندرؒ کا عرس شروع ہو رہا ہے، پولیو سے متعلق عرس سے قبل اور بعد کے ایام میں خصوصی توجہ دینا ہوگی کیونکہ عرس میں شرکت کے لیے مختلف شہروں اور علاقوں سے عقیدت مند آتے ہیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو نے کہا کہ انسداد پولیو مہم قومی فریضہ ہے، ماضی کی طرح ہمارے محکمے کا بھرپور تعاون جاری رہے گا، پولیو جیسے موذی مرض کو ختم کرکے ہمیں اپنے مستقبل کے معماروں کو محفوظ کرنا ہے۔ انسداد پولیو مہم سے قبل آنے والے جمعے کی نماز میں ڈویژن کے تمام مساجد کے پیش اماموں پر زور دیا جائے کہ وہ اپنے علاقے کے 5 سال تک کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے اور اس موذی مرض کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے کم سے کم 3 منٹ انسداد پولیو کے قطرے کے افادیت اور اہمیت سے متعلق ضرور بتائیں۔ اجلاس میں ٹائیفائیڈ مرض کی روک تھام اور علاج سے متعلق محکمہ صحت کے آفیسر نے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جمشید خانزادہ نے دسمبر 2024 کی مہم میں ڈویژن کے تمام اضلاع کی کارکردگی سمیت دیگر اُمور سے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: انسداد پولیو مہم پولیو کے
پڑھیں:
پاک فوج کی کوششوں سے گوادر میں جدید ٹیکنالوجی انسٹیٹیوٹ قائم
پاک فوج کی کاوشوں سے گوادر کے نوجوانوں کے لیے عالمی معیار کا ایک بے مثال تعلیمی ادارہ گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی خطے میں ترقی، تعلیم اور ہنرمندی کی علامت بن چکا ہے۔ یہ ادارہ 2005 سے گوادر اور مکران ڈویژن کے نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہا ہے، تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنے ہنر کا لوہا منوا سکیں۔ کمانڈر گوادر ڈویژن نے انسٹیٹیوٹ کے ہونہار طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں انہوں نے نوجوانوں کے عزم اور قابلیت کو سراہا۔ اس موقع پر کمانڈر گوادر ڈویژن نے کہا کہ یہاں کے طلبہ بین الاقوامی معیار کی تکنیکی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور یہی نوجوان پاکستان کے تابناک مستقبل کے معمار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کا کردار وطن کی تعمیر و ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ تعلیم کے ساتھ دیانتداری اور خلوصِ نیت کے ساتھ محنت ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔ کمانڈر گوادر ڈویژن نے طلبہ کو نصیحت کی کہ اپنی صلاحیتیں علم و تحقیق کے فروغ میں صرف کریں، کیونکہ پاکستان کا مستقبل اُن باصلاحیت نوجوانوں سے جڑا ہے جو اپنی کامیابی کے ساتھ وطن کی ترقی کا عزم رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی پاک فوج کے اُس عزم و وژن کا مظہر ہے جو بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور خود انحصاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے۔