خیبر پی کے اسمبلی نے زرعی انکم ٹیکس بل منظور کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
پشاور (نیٹ نیوز) خیبر پی کے اسمبلی نے زرعی شعبے پر ٹیکس کے نفاذ کے لیے زرعی انکم ٹیکس بل 2025ء کی منظوری دے دی ہے۔ یہ بل یکم جنوری 2025ء سے نافذ العمل ہو گا۔ منظور شدہ بل کے مطابق کسی کی سالانہ زرعی آمدن 15 کروڑ روپے سے تجاوز کرے گی تو اسے سپر ٹیکس کے زمرے میں شامل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، 50 ایکڑ زیر کاشت اراضی یا 100 ایکڑ سے زائد غیر کاشت شدہ اراضی پر بھی سالانہ زرعی ٹیکس لاگو ہو گا۔ زرعی اراضی کو تین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ ٹیکس کی شرح مقرر کی جا سکے۔ خیبر پی کے اسمبلی نے نگراں دور حکومت میں بھرتی سرکاری ملازمین کو فارغ کرنے کا بل منظور کر لیا۔ منظور کردہ بل کا اطلاق 22 جنوری 2023ء سے 29 فروری 2024ء کے درمیان کی گئی بھرتیوں پر ہو گا۔ تاہم سن اور اقلیتی کوٹہ کے ساتھ پبلک سروس کمشن کے ذریعے ہونی والی بھرتیوں کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔ بل میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کو نکالنے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کے سربراہ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ہوں گے۔ بل میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام ادارے نگران دور کی بھرتیوں کے حوالے سے 30 دن میں رپورٹ مرتب کریں گے۔ صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ نگراں دور میں دس ہزار سے زائد بھرتیاں کی گئیں جبکہ نگراں حکومت صرف روزمرہ کے معاملات ہی چلا سکتی تھی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پشاور، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسپیشل سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں امن و استحکام کا جائزہ
پشاور:خیبر پختونخوا اسمبلی میں سپیشل سیکورٹی کمیٹی کا اجلاس سات گھنٹے تک جاری رہا جس میں صوبے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی ضروریات اور تعاون کے امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم نے اجلاس کے دوران بتایا کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد صوبے میں پائیدار امن قائم کرنا، عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنا اور مسائل کا حل افہام و تفہیم کے ذریعے تلاش کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی تمام سیاسی قوتیں امن و استحکام کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔
اراکین اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اجلاس کے دوران شرکاء کو صوبے کی موجودہ سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
اسپیکر نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ کمیٹی کا اگلا اجلاس آئندہ چند روز میں منعقد کیا جائے گا تاکہ صوبے میں امن و استحکام کے قیام کی مزید کوششیں تیز کی جا سکیں۔